کسی لندن پلان سے کرپٹ اشرافیہ کو ریلیف نہیں ملے گا : عوامی تحریک
سٹیل مل سمیت خسارے میں چلنے والے قومی ادارے ملازمین کے حوالے
کئے جائیں
عوامی تحریک تین عشروں سے ظلم کے خلاف برسر پیکار ہے: قاضی زاہد حسین
لاہور (29 اکتوبر2017) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ کوئی لندن پلان کرپٹ اشرافیہ کیلئے ریلیف کا سبب نہیں بنے گا، عوام اورآئینی ادارے ملکر کرپٹ مافیا کی سیاست کے تابوت میں کیل ٹھونکیں گے۔ نواز شریف کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ معافی مانگیں، لوٹی گئی دولت خزانے میں جمع کروائیں، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی تحریک ظلم کی سیاست کے خلاف تین عشروں سے جدوجہد کر رہی ہے۔ ظلم حکومت کی طرف سے ہو یا حکومتی اداروں کی طرف عوامی تحریک نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا، انہوں نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کے معاشی قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا استحصال بلند کیا جائے اور سٹیل مل کو لوٹنے والے مافیا کا محاسبہ اور مواخذہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیل مل دس سال قبل منافع میں تھی اور گزشتہ دس سال کے اندر منافع میں چلنے والے قومی ادارے کرپشن، کمشن اور لوٹ مار کے باعث خسارے میں چلے گئے۔ خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کے ملازمین حکمرانوں کی لوٹ مار اور غیر قانونی احکامات کے خلاف اپنا قومی کردار ادا کریں اور کرپشن کے راستے کی دیوار بنیں۔ انہوں نے ملاقات کیلئے آنیوالے سٹیل مل کے ملازمین کو یقین دلایا کہ عوامی تحریک انکے جائز مطالبات کے ساتھ ہے۔
تبصرہ