جھوٹے کو پارٹی صدر بنانے کی ترمیم کے خاتمے کا بل خوش آئند ہے : خرم نواز گنڈاپور
اراکین پارلیمنٹ کے پاس گناہ کے کفارہ کا یہ بہترین موقع ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے سے معاملہ ختم ہو گا
لاہور (23 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ جھوٹے کو پارٹی صدر بنانے والی ترمیم کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کا بل خوش آئند ہے، اراکین پارلیمنٹ ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر اپنے گناہ کا کفارہ ادا کریں۔ جھوٹے کو پارٹی صدر بنائے جانے والی شق پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملہ ہے، جن اراکین پارلیمنٹ نے اس گناہ میں شرکت کی انکے پاس گناہ کے کفارے کا یہ بہترین موقع ہے، ورنہ تاریخ اور آئندہ نسلیں انہیں جھوٹ، کرپشن کے حق میں ووٹ دینے والے کے طور پر یاد رکھیں گی۔ ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے سے معاملہ ختم ہو گا۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان سچے لوگوں نے بنایا اور جھوٹے لوگوں نے اسے تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب وقت آ گیا ہے کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو جھوٹوں اور لٹیروں کے پنجے سے واگزار کروایا جائے۔
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے منہاج القرآن علماء کونسل کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی سے متعلق اپنے مجرمانہ اقدام کو واپس لئے جانے کے حوالے سے کروڑوں روپے کے اشتہار شائع کروا رہے ہیں، لیکن اس وقت اسلامیان پاکستان کا بنیادی مطالبہ ذمہ داروں کو بے نقاب کرنا ہے جنہوں نے بنیادی عقیدے پر حملہ کیا اور دیدہ دلیری کے ساتھ حلف نامہ بدلنے کی جرات کی۔ قوم کو ان عناصر کے نام چاہئیں، یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، حکومت کو تبدیلی کے پس پردہ سازشی کردار بے نقاب کرنے ہونگے۔
تبصرہ