حکمران سلامتی کے اداروں کی بجائے دہشتگردوں سے جنگ لڑیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
جھل مگسی دہشتگردی قابل مذمت، انسانیت کے دشمن اولیاء اللہ کے مزارات پر حملہ آور ہیں
جب تک حکومت، سلامتی کے ادارے، عوام ایک صفحہ پر نہیں آئینگے دہشتگردی ختم نہیں ہوگی
لاہور (5 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جھل مگسی درگاہ پر خودکش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کے مزارات کو انسانیت کے دشمنوں نے ٹارگٹ کر رکھا ہے، دہشتگرد حملہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ جب تک حکومت قانون نافذکرنے والے ادارے، سلامتی کے امور دیکھنے والی ایجنسیاں اور عوام ایک پیج پر نہیں ہونگے اس وقت تک بے گناہ انسانی خون بہتا رہے گا، حکمران قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ جنگ کرنے کی بجائے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے ساتھ جنگ لڑیں، یہ انتہائی دکھ والی بات ہے حکومت اپنے ہی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ اس وقت دہشتگردوں کا ریموٹ کنڑول غیر ملکی طاقتوں کے ہاتھ میں ہے، تاہم سہولت کاری اندر سے ہورہی ہے، جب تک ملک کے اندر سہولت کار موجود ہیں دہشتگرد اپنا گھناؤنا کھیل کھیلتے رہیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکومتی مشینری ایک نااہل خاندان کے پروٹوکول اور انہیں سزاؤں سے بچانے میں لگی ہوئی ہے اور دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں، دہشتگردی کا حالیہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگرد ختم نہیں ہوئے بلکہ زیر زمین گئے ہیں، انہیں جب موقع ملتا ہے انسانیت پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
تبصرہ