پولیس اشتہاری ڈی آئی جی رانا عبد الجبار کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرے: وکلاء
دامن صاف ہے تو بل میں کیوں چھپے ہوئے ہیں، عدالت میں آ کر بے
گناہی کے ثبوت دیں
حکمرانوں کو جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کرنی پڑے گی: رہنما عوامی تحریک
لاہور (03 اکتوبر2017) پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے اشتہاری ڈی آئی جی رانا عبد الجبار کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرے۔ رانا عبد الجبار کا دامن صاف ہے تو بل میں کیوں چھپے ہوئے ہیں، عدالت میں آ کر بے گناہی کے ثبوت دیں۔ حکمرانوں نے اہلکاروں کو دھوکے میں رکھا ہوا ہے، سانحہ میں ملوث پولیس والے سچ بول کر عدالت کو اصل ذمہ داروں کے نام بتا دیں ورنہ پھانسی کے پھندے انکی گردن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے طویل قانونی جنگ لڑی ہے آخری فتح مظلوموں اور مقتولوں کے ورثا کی ہو گی۔
جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کئے جانے کے حوالے سے حکومتی اپیل کی انٹرا کورٹ میں سماعت کے بعد ہائیکورٹ کے احاطے میں وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ اپیل میں پرائیویٹ وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کا مطلب کروڑوں روپے تنخواہوں کی مد میں وصول کرنے والے ایڈووکیٹ جنرل کی نااہلی کا اعتراف ہے۔ اوپر سے لے کر نیچے تک نا اہلوں کا ٹولہ جونکوں کی طرح قومی خزانے کو چمٹا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے مظلوموں کو انصاف دینے کی بجائے ان کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت سنگل بنچ کے فیصلے کا احترام کرے اور فوری جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ ورثاء کے حوالے کر دیں، عدالت کا اور ہمارا وقت ضائع مت کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمان ڈھٹائی کے ساتھ کہتے ہیں جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کی شہادت کے حوالے سے کوئی قانونی ویلیو نہیں ہے اگر اسکی ویلیو نہیں ہے تو سانپ بن کر اس کے اوپر پہرا کیوں دے رہے ہیں اور رپورٹ پبلک کرنے سے ڈر کیوں رہے ہیں، اگر اسکی ویلیو نہیں تو اسکو جاری کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے قاتل حکمران سن لیں کہ انکا آخری وقت آن پہنچا ہے آج نہیں تو کل انہیں رپورٹ جاری کرنا ہو گی۔
تبصرہ