شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ہر حد تک جائینگے: ورکنگ کونسل عوامی تحریک
8 اگست ڈاکٹر طاہرالقادری کے استقبال کے انتظامات مکمل، 20 کمیٹیاں تشکیل
جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کا حصہ بنایا جائے، قرارداد منظور
صدارت ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی، صوبہ بھر سے سی ڈبلیو سی کے ممبران کی شرکت
لاہور (2 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس چیئرمین سپریم کونسل سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوانا ہماری اولین ترجیح اور انصاف بشکل قصاص کیلئے ہر حد تک جائینگے، تین سال گزر جانے کے بعد بھی 14 شہریوں کے قاتل دندناتے پھررہے ہیں، اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیر سماعت ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کا حصہ بنایا جائے، اجلاس میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 8 اگست کو آمد کے حوالے سے پرتپاک استقبال کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور اس ضمن میں 20 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور خواتین کی ایک بڑی تعداد استقبال میں شریک ہو گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ انتظامیہ اچھی طرح جانتی ہے کہ ہمارے احتجاج اور ہماری آؤٹ ڈور ریلیاں اور تقریبات ہمیشہ پرامن ہوتی ہیں، ہم نے اپنے کارکنوں کی ایسی تربیت کی ہے کہ وہ خون میں نہائے ہوئے بھی ہوں تو پھر بھی قانون ہاتھ میں نہیں لیتے، 8 اگست کا استقبال پرامن ہو گا اور ہزاروں کی تعداد میں کارکن اپنے قائد کو ویلکم کریں گے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قانونی جدوجہد کے حوالے سے اپنے قائد کے لائحہ عمل کو سنیں گے، ہم امید رکھتے ہیں کہ نااہل لیگ کی تخریبی ہدایات کوانتظامیہ خاطر میں نہیں لائے گی، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تین سال گزر جانے کے بعد جن کے دلوں میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا درد جاگا ہے ان کا شکریہ، ڈاکٹر طاہرالقادری نے تین سال کا ہر دن حصول انصاف کی جدوجہد میں گزارا، تین سال میں ہزاروں کی تعداد میں نظر بند اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کارکنوں کو رہا کروانے میں گزارا۔ ہمارے حوصلے بلند اور انصاف بشکل قصاص کیلئے پرعزم ہیں۔
سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تازہ ترین قانونی پیش رفت کے بارے میں سنٹرل ورکنگ کونسل کے اراکین کو بریف کیا۔
اجلاس میں بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، فیاض وڑائچ، سید الطاف حسین شاہ، جی ایم ملک، رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، مستغیث جواد حامد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، فرح ناز، سید امجد علی شاہ، احمد نواز انجم، حافظ غلام فرید، راجہ زاہد، عارف چودھری، مظہر علوی، شہزاد رسول، عرفان یوسف، علامہ غلام مرتضیٰ علوی و دیگر شریک تھے۔
تبصرہ