جنوبی پنجاب پر کتنا پیسہ خرچ ہوا، وزیراعلیٰ اسکی ’’منی ٹریل‘‘ پیش کریں: عوامی تحریک پنجاب
ہمارے قبرستانوں کا پیسہ بھی لاہور کی سڑکوں کی تزئین و آرائش کی نظر ہو جاتا ہے : فیاض وڑائچ
وزیر خزانہ نے تقریر میں جن منصوبوں کا ذکر کیا وہ بجٹ بک میں شامل نہیں : صدر عوامی تحریک
لاہور (3 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ 10 سالوں میں جنوبی پنجاب پر کتنا پیسہ خرچ ہوا ، وزیر اعلیٰ اسکی’’ منی ٹریل‘‘ پیش کریں۔ وزیر خزانہ پنجاب نے جنوبی پنجاب کو دیے جانے والے بجٹ سے متعلق تقریر میں جن منصوبوں اور رقوم کا ذکر کیا وہ بجٹ کتاب میں نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت اس غلط بیانی پر جنوبی پنجاب کے عوام سے معافی مانگے۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت نے اپنے اقتدار کے 10 ویں سال بھی جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ہاتھ کیا۔ ہمارے قبرستانوں کا بجٹ بھی اورنج ٹرین اور لاہور کی سڑکوں کی تزئین و آرائش کی نظر ہو جاتا ہے۔ جنوبی پنجاب کے بچے بچے کو یقین ہو چکا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے جنوبی پنجاب کے عوام کے حالات نہیں بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے تقریر میں جعلی منصوبے پیش کئے اس پر اپوزیشن بالخصوص جنوبی پنجاب کے نمائندوں کو احتجاج کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے جن منصوبوں کا اعلان کیا ان کے متعلق بتائیں کہ وہ بجٹ بک کے کس صفحے پر ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ ویسے تو وزیراعلیٰ پنجاب کی بجٹ ڈاکومنٹ میں کروائی جانے والی یقین دہانیوں کی بھی کوئی حیثیت نہیں ہوتی کیونکہ بجٹ کے رسمی اعلان کے بعد پورے صوبے کا ترقیاتی بجٹ وزیر اعلیٰ کے جیب خرچ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بظاہر صاف پانی، موبائل ہیلتھ یونٹ، سکولوں کالجوں کیلئے بڑی بڑی رقوم رکھی جاتی ہیں مگر عملاً وہ خرچ نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دھول اڑ رہی ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے سڑکوں پر رل رہے ہیں عملاً ڈاکو راج نافذ ہے، راجن پور، مظفر گڑھ کے مریضوں کو علاج کیلئے لاہور کے ہسپتالوں میں دھکے کھانے پڑتے ہیں، تھانہ کچہری میں غریب کاشتکاروں، دکانداروں کی تذلیل پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بتائے 10 سال میں اورنج ٹرین لاہور کے بجٹ جتنا کوئی ایک منصوبہ بھی جنوبی پنجاب میں آیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ امتیازی بجٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور زیادتیاں ریکارڈ پر لائی جائیں گی۔
تبصرہ