بجٹ سے غریب عوام کو نہیں اورنج لائن کے ٹھیکیداروں کو ریلیف ملے گا : عوامی تحریک پنجاب
بجٹ فرضی اعداد و شمار اور قصے کہانیوں پر مشتمل ہے: بشارت جسپال
10 سالوں میں 10 کالج بنانے میں ناکام خادم اعلیٰ کا 50 کالج بنانے کا اعلان دھوکہ دہی کی انتہا ہے: فیاض وڑائچ
بجٹ سے شہباز حکومت کی مکمل نا اہلی ثابت ہو گئی، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق
لاہور (2 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ شہباز حکومت کا مسلسل 10 واں بجٹ بھی فرضی اعداد و شمار اور قصے کہانیوں پر مشتمل ہے۔ بجٹ سے غریب عوام کو نہیں اورنج لائن کے ٹھیکیداروں کو ریلیف ملے گا۔ پنجاب کے ذمہ واجب الادا قرضوں اور سود کا مزید بوجھ بڑھ گیا۔ وزیر اعلیٰ کے حد سے متجاوز ذاتی اخراجات نے سادگی اور ایمانداری کے تمام دعوؤں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ انہوں نے شدید ردعمل میں کہا کہ یہ کیسا شاندار بجٹ ہے کہ جس کے اعلان سے قبل پھل، دالیں، سبزیاں، دودھ، دہی مہنگے ہو گئے۔
جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے پنجاب حکومت کے بجٹ کو جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے لالی پاپ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب کے عوام کو مسلسل دھوکہ دینے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ 10 سال کے بعد بھی جنوبی پنجاب کے عوام صاف پانی، تعلیم اور علاج کی بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں، 10 سالوں میں 10 کالج بنانے میں ناکام خادم اعلیٰ نے ایک سال میں 50 کالج بنانے کا اعلان کیا ہے جو دھوکہ دہی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بچوں کو تعلیم دلوانے کے نام پر 16 ارب کی خطیر رقم رکھی گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سرکاری سکولوں میں بچوں کو تعلیم دینے میں ناکام ہو گئی۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ بجٹ میں دئیے گئے بیشتر منصوبوں کا تعلق انتخابی مہم سے ہے اور فرضی منصوبے اور اعداد و شمار پیش کئے گئے بالاخر ہر منصوبے کا بجٹ اورنج لائن منصوبوں کے ٹھیکداروں کے کام آئیگا۔
عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق نے کہاکہ بجٹ میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے، بجٹ سے شہباز حکومت کی مکمل نا اہلی ثابت ہو گئی۔
تبصرہ