حکومتی ’’رمضان بازار‘‘ غریب عوام کے لیے’’ خوار بازار‘‘ ثابت ہورہے ہیں: خرم نواز گنڈا پور
حکومتی وزاء، ایم این ایز، ایم پی ایز خود ذخیرہ اندوزی اور
مہنگائی میں ملوث ہیں
لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے جس کے ذمہ دار حکمران ہیں:
سیکرٹری جنرل PAT
شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیں گے، عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران
اور کارکنان سے خطاب
لاہور (29 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روزے دار مشکلات کا شکار ہیں، بجلی کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو سحری وافطاری اورنماز تراویح میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی شرعی اور آئینی ذمہ داری حکومت پرعائد ہوتی ہے، رمضان المبارک رحمتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے مگر بجلی کا غائب ہونا حکمرانوں کی طرف سے عوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ عذاب سے کم نہیں، جس کا ذمہ دار مقتدر طبقہ ہے، حکمرانوں نے رمضان المبارک میں سحری و افطاری میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا دعوی کیا جوصرف دعوی ہی ثابت ہوا، اس مبارک مہینے میں بجلی کے بحران میں مزید اضافہ ہوا ہے، حکومتی ’’رمضان بازار‘‘ غریب عوام کے لیے’’ خوار بازار‘‘ثابت ہورہے ہیں، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پرنائب ناظم اعلی رفیق نجم، صدر PATلاہور چوہدری افضل گجر، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، اشتیاق علی مغل، عارف چوہدری، حافظ صفدر علی، حاجی فرخ، یونس نوشاہی، اصغر ساجد، راجہ ندیم ودیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی بجائے ہوشربا اضافہ عوام کی پریشانیاں بڑھاتا جارہا ہے، متوسط اور غریب طبقہ کی کمر ٹوٹ چکی ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے سرکاری سطح پر کوئی نظام نہیں ہے، حکومتی وزاء، ایم این ایز، ایم پی ایز خود ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی میں ملوث ہیں، عوام کو ریلیف رینے کے لیے حکمرانوں کے پاس کچھ نہیں ہے، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، دہشتگردی اور بیروزگاری میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے، مزدور بے روزگار ہورہے ہیں، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے جس کے ذمہ دار حکمران ہیں، انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران ایک بڑا مسئلہ بنتا جارہاہے، لیکن اہم ترین مسئلے کا حل نام نہاد چار سالہ جمہوری حکومت کے ’’سنہری جمہوریت کے اصولوں‘‘ میں نہیں آتا، عوام اور ملکی بقاء کے لیے میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے کمیشن بنانے والے منصوبوں کی بجائے ہنگامی بنیادوں پر صرف اور صرف بجلی کی پیداوار بڑھانے پر زور دیا ہوتا تو آج ملک خوشحال ہوتا، انہوں نے کہا کہ موجودہ قاتل حکمران کرپشن، نااہلیت اورآمرانہ رویوں کی وجہ سے اس قوم کو تباہی اور بھیانک مستقبل کی طرف دھکیل رہے ہیں، عوام دہشتگردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے ہاتھوں پریشان ہے، انہوں نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کو ملکی مفادات کی سرعام نیلامی پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے مضبوط کردار ادا کرنا ہوگا، جس ملک میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی نہ عدل وانصاف اور نہ ہی قانون کی حکمرانی ہو وہاں بد امنی، مایوسی اور کرپٹ حکمرانوں کے سوا کیا ہو سکتا ہے؟ خرم نواز گنڈا پو رنے کہا کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیں گے، لیٹرے حکمران خس و خاشات کی طرح بہتے نظر آئیں گے، انقلاب آکر رہے گا۔ عدل وانصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا عوام کو حقوق دینے کا ہے۔
تبصرہ