رمضان سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی نا اہلی ہے : بشارت جسپال
گھریلو اور کمرشل استعمال کے گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ سے غریب بری طرح متاثر ہو گا
حکمران سبسڈی کے لالی پاپ دینے کی بجائے قیمتوں میں مصنوعی اضافہ روکیں: صوبائی صدر
لاہور (24 مئی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ رمضان کے آغازسے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ نے پنجاب حکومت کی نا اہلی ثابت کر دی ہے۔ ایک ہفتے میں دالوں، سبزیوں، پھلوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں 15 سے 20 فی صد تک اضافہ ہو چکا ہے، ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں۔ حکومت سستے رمضان بازاروں کے ناکام ڈرامے کو مسلسل 8 سال سے دہرا رہی ہے۔ سب جان چکے ہیں کہ رمضان بازار اربوں روپے کے سبسڈی ہضم کرنے کا ایک ہتھکنڈہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لاکھوں بازار ہیں جن میں بیٹھے ناجائز منافع خور کروڑوں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں جبکہ پنجاب حکومت دو اڑھائی سو رمضان بازاروں پر پوری انتظامیہ بٹھا دیتی ہے جو روزہ داروں کو ناقص اشیاء خریدنے پر مجبور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل گھریلو اور کمرشل استعمال کے گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ سے غریب بری طرح متاثر ہو گا، حکمران سبسڈی کے لالی پاپ دینے کی بجائے مصنوعی مہنگائی کو روکیں۔
تبصرہ