’’سیکیورٹی رسک حکومت سے نجات کیلئے تمام سیاسی قوتیں اکٹھی ہوں‘‘
عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں میاں منظور احمد وٹو کی ڈاکٹر حسن محی الدین سے تفصیلی ملاقات
وزیراعظم امریکہ اسلامی سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی ناک کٹوا کر آئے : ڈاکٹر حسن محی الدین
شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کی جائے : میاں منظور وٹو
لاہور (23 مئی 2017) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما میاں منظور احمد وٹو نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ، نور اللہ صدیقی، ساجد محمود بھٹی، قاضی فیض الاسلام، راجہ زاہد نے شرکت کی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے وزیراعظم کی ’’امریکہ سربراہی کانفرنس‘‘ میں شرکت کو بے مقصد اور قومی دولت کا ضیاع قرار دیا۔ یہ دورہ پاکستان کی ناک کٹوانے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں 60 ہزار سے زائد جانیں دیں، کانفرنس میں اس کا ذکر تک نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو خطاب کا موقع نہ ملنا بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی مکمل ناکامی اور 19 کروڑ عوام کی توہین ہے۔ وزیر اعظم کو اس پر وضاحت پیش کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل سٹینڈر حکمرانوں کو دنیا نظر انداز کر رہی ہے۔
میاں منظور احمدوٹو نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کے موجودہ حکمرانوں کو سیریس نہیں لے رہی، شریف حکومت پاکستان کا مقدمہ نہیں لڑ سکتی۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ بدعنوان اور سیکیورٹی رسک حکومت سے نجات کے لئے تمام سیاسی قوتیں ہاتھوں میں ہاتھ دیں اور سر سے سر جوڑیں۔ اشرافیہ کی حکومت ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے دعوے اشتہاری مہم تک محدود ہیں۔ عملاً پاکستان قرضوں کی دلدل میں دھنس رہا ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دینے کیلئے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔ ملاقات میں مانچسٹر میں خود کش حملہ کی مذمت اور درجنوں شہریوں کی اموات پر دلی افسوس کا اظہار کیا گیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ دہشتگردوں کی نہ کوئی سر زمین ہے نہ ملک یہ انسانیت کے دشمن ہیں، حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں برطانیہ کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
تبصرہ