اپوزیشن ہو یا میڈیا حکمرانوں نے سچ بولنے پر بے رحم طاقت استعمال کی : ڈاکٹر طاہرالقادری
پیمرا، پولیس، نیب، ایف آئی اے ایک خاندان کے مفادات کے محافظ ادارے بن چکے
شریف حکومت نے عوام دشمن کردار کے خلاف بولنے پر ماڈل ٹاؤن میں خون بہایا
لاہور (03 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہو یا میڈیا حکمرانوں نے سچ بولنے پر بے رحم طاقت استعمال کی اور آزادی اظہار کے آئینی حق کو صدق دل سے قبول نہیں کیا۔ پیمرا، پولیس، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر آزاد ادارے نہیں رہے۔ جو کوئی بھی شخصی اقتدار پر تنقید کرتا ہے اس کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کر دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف حکومت کے عوام دشمن کردار کے خلاف بولنے پر 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں اور ہزاروں کارکنوں کو پولیس نے اغوا کیا اور بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ صحافیوں نے ہر دور میں جان ہتھیلی پر رکھ کر جمہوریت، ملکی سلامتی اور عوامی حقوق کا تحفظ کیا اور اس عظیم جدوجہد میں صحافیوں نے شہادتیں بھی قبول کیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز پر پابندیوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ پیمرا آزادی اظہار کا تحفظ کرنے کی بجائے ایک خاندان کے اقتدار کا تحفظ کر رہا ہے، جو انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، پانامہ لیکس اور نیوز لیکس پر قومی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نے انتہائی جرات مندانہ کردار ادا کیا جس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی کسی حکومت کے چل چلاؤ کا وقت قریب آتا ہے تو وہ میڈیا پر حملہ آور ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت جمہوری ہو یا غیر جمہوری صحافیوں نے مشکل حالات کا سامنا کیا ہے۔
تبصرہ