وزیراعظم کا لہجہ بتا رہا ہے وہ اقتدار کے ایوان میں مہمان ہیں، عوامی تحریک
جنوبی پنجاب کے عوام کا مطالبہ پل سڑکیں نہیں الگ صوبہ ہے، رہنماؤں کا ردعمل
حکومتی ایما پر سوشل میڈیا پر قومی مفاد کے خلاف منفی مہم شرمناک ہے۔ ترجمان عوامی تحریک
کسان گندم کے دانے دانے سمیت رل رہا ہے وزیراعظم کس ریلیف کی بات کرتے ہیں، ممبران کور کمیٹی
لاہور (02 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر اور جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے وزیراعظم کے لیہ میں خطاب پر ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم کا لہجہ بتا رہا ہے کہ وہ اقتدار کے ایوان میں مہمان ہیں، لیہ سمیت جنوبی پنجاب کے ہر ضلع، ہر شہر اور ہر گاؤں کے فرد کا مطالبہ پل، سڑکیں نہیں الگ صوبہ ہے اور الگ صوبہ کے حوالے سے انکے چھوٹے بھائی نے ایک متفقہ قرارداد پر دستخط بھی کر رکھے ہیں۔ اب جنوبی پنجاب سمیت کسی بھی شہر کے عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا نہیں جا سکتا، عوام کے سوالات کچھ اور ہیں۔
رہنماؤں نے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم کسانوں کو دئیے جانیوالے کس ریلیف کی بات کرتے ہیں آج کسان گندم کے دانے دانے سمیت رل رہا ہے اسے سفارش کے بغیر باردانہ مل رہا ہے اور نہ کوئی سرکاری اہلکار چھوٹے کاشتکار سے گندم خرید رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم نے لندن فلیٹس کس پیسے سے خریدے کیونکہ قطری خط تو سپریم کورٹ کے 5 ججوں نے مسترد کر دیا۔ وزیراعظم لندن میں جمع کی جانیوالی دولت کا سورس بتائیں؟ جب تک وزیراعظم رزق حلال کا ثبوت نہیں دینگے اس وقت تک انکی کسی تقریر اور کسی اعلان کی کوئی حیثیت نہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ قومی سلامتی پر حملے کرنیوالے شریف برادران اب جلد اپنے انجام سے دوچار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم ہاؤس سے قومی سلامتی کے اداروں کے وقار پر حملہ کیوں ہوا؟ وزیراعظم ادھر اُدھر کی باتیں نہ کریں، اصل سوالوں کے جواب دیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ ایک نا قابل تردید حقیقت ہے کہ نیوز لیکس کے پیچھے کوئی اور نہیں ’’باپ بیٹی‘‘ ہیں ورنہ پرویز رشید، طارق فاطمی اور راؤ تحسین کا اس معاملے سے کیا لینا دینا۔ انہوں نے کہاکہ نیوز لیکس کی ذمہ دار ٹھہرائی جانیوالی ’’ٹرائیکا‘‘ کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ شریف خاندان کی بجائے پاکستان سے وفا داری کا ثبوت دیں اور پورا سچ اگل دیں ورنہ دنیا بھی برباد ہو گی اور آخرت بھی۔ رہنماؤں نے مزید کہاکہ وزیراعظم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے لے کر نیوز لیکس تک قوم کو دکھ دئیے، اب حساب کا وقت قریب ہے، پاکستان کے عوام خزانے اور سلامتی کے اداروں سے مذاق کرنیوالوں کو عبرت کا نشان بنتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
دریں اثناء ترجمان پاکستان عوامی تحریک نور اللہ صدیقی نے کہا کہ حکومت کے ایما پر سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے خلاف توہین آمیز ’’ہیش ٹیگ‘‘ لانچ کئے گئے ہیں، قومی سلامتی کے اداروں اور انکے جذبہ حب الوطنی پر طنز کرنیوالوں کو شرم آنی چاہیے۔
تبصرہ