کسی کو نواز مودی تعلقات پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
وزیراعظم پاکستان، ایوان وزیراعظم کی بجائے خاص ملاقاتیں نجی رہائش گاہوں پر کرتے ہیں، سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (27 اپریل 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کسی کو نواز مودی تعلقات پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ کلبھوشن کا نام لے کر مذمت نہ کرنا بلا جواز نہیں ہے۔ وزیراعظم اپنے بھارتی ’’سجنوں‘‘ کے ساتھ ملاقاتیں نجی رہائش گاہوں پر کرتے ہیں۔ کالعدم تنظیم کے ترجمان کے انکشافات پر بھی وزیراعظم نے لب کشائی نہیں کی جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بزنس مین کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات کا ایجنڈا کیا تھا اس پر وزارت خارجہ سرکاری موقف دے اور قوم کو بتایا جائے کہ بھارتی سٹیل ٹائیکون کے ساتھ ملاقات کو خفیہ کیوں رکھا گیا؟
خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حکمران خاندان کے انڈیا کے ساتھ کاروباری مراسم ہیں اس حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری ثبوت میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے پیش کر چکے ہیں جس کا آج کے دن تک شریف حکومت نے جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلا کر حکومت سے وضاحت طلب کی جائے کہ سجن جندال پاکستان کس لئے آئے اور کیا قومی سلامتی کے ادارے اس خفیہ ملاقات سے آگاہ ہیں؟
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر سابق رکن اسمبلی فیاض وڑائچ نے لیہ میں باپ کے ہاتھ 5 بچوں کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری اور معاشی مسائل نے گھریلو زندگیوں میں زہر گھول دیا ہے اور والدین اپنے ہاتھوں سے اپنے بچوں کی جانیں لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بجلی، گیس کے بلوں میں اضافہ اور مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کریں تا کہ غریب خاندانوں کو زندہ رہنے کا حق مل سکے۔
تبصرہ