عوامی تحریک کے زیراہتمام 20 سیاسی جماعتوں کا اجلاس، مشترکہ حکمت عملی پر غور
آئندہ انتخاب مل کر لڑنے کی تجویز، لائحہ عمل کیلئے 9 رکنی کونسل
تشکیل دے دی گئی
اجلاس میں آل پاکستان مسلم لیگ، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل، مسلم لیگ جونیجو ودیگر
رہنما شریک ہوئے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن اور نیوز لیکس انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ، آئندہ اجلاس
27 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا
لاہور (21 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 20 سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئندہ الیکشن مل کر لڑنے کی تجویز پر غور و خوض کیا گیا اس حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے رکن چوہدری فیاض وڑائچ کی کنونیئر شپ میں 9 رکنی سینٹرل آرگنائزنگ کونسل تشکیل دی گئی جس کے آرگنائزر مسلم لیگ جونیجو کے صدر اقبال ڈار اور کوآرڈینیٹر آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کو نامزد کیا گیا جبکہ سابق صوبائی وزیر عوام مسلم لیگ کے صدر ریاض فتیانہ، امجد وڑائچ، شوکت چودھری، فراز الحق بھٹی اورراؤ حسیب شاہ ڈپٹی کنونیئر ہو نگے۔
اجلاس میں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے بول بالا کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قائم ہونے والے جسٹس باقر نجفی جوڈیشل کمیشن اور نیوز لیکس کی رپورٹ کو فی الفورشائع کیا جائے، فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے کیا جائے، مردم شماری میں تمام مذاہب اور ملک میں بولی جانے والی زبانوں کو شامل کیا جائے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مردم شماری کا حصہ بنایا جائے، اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد اور کرپشن کے میگا سکینڈلز میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
مشترکہ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ جونیجو کے صدر اقبال ڈار، پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے فیاض وڑائچ، ساجد محمود بھٹی، عارف چودھری، آل پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے ڈاکٹر امجد، ڈاکٹر فرخ چیمہ، سنی اتحاد کونسل کی طرف سے راؤ حسیب احمد، پاکستان مینارٹی الائنس کی طرف سراج الحق بھٹی، مزدور محاذ کے رہنما شوکت علی چودھری، انسانی حقوق پارٹی کے رہنما ڈاکٹر خالد آفتاب، تحریک وفاق پاکستان کے منظور علی بھٹی، عوام لیگ کے میاں آفتاب، مسلم لیگ کونسل کے میاں گوہر علی خان، جے یو پی نیازی گروپ کے پیر اختر رسول قادری مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے۔
رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 20 سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہے، تمام جماعتیں متفقہ انتخابی سیاسی لائحہ عمل کیلئے تیاری کریں گی اور پھر سفارشات حتمی منظوری کیلئے اپنی اپنی جماعتوں کے مجاز فورم کو بھجوائیں گی۔ آئندہ اجلاس کے میزبان آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد ہونگے، یہ اجلاس 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا۔
تبصرہ