پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے: عوامی تحریک لاہور
مہنگائی بڑھے گی، غریب کا چولہا ٹھنڈا ہو گا، اضافہ بلاجواز ہے، افضل گجر، حافظ غلام فرید
لاہور (01 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر و دیگر رہنماؤں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضافہ بلاجواز اور غریب عوام سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ حکمرانوں نے پہلے ہی عالمی سطح پر پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچنے دیا۔ عالمی سطح پر کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو ر ہی ہیں لیکن پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اس سے عام آدمی بری طرح متاثر ہو گا۔ امیر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافہ آئی ایم ایف کے حکم پر کیا گیا۔ حکمرانوں کو غریب عوام کا کوئی احساس نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے نظام زندگی کا ہر شعبہ بری طرح متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسحق ڈار کی پالیسی آئی ایم ایف کی جیب بھرنا ہے، قرضوں کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے غریب دشمنی کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے گئے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز سوموٹو ایکشن لے کر قوم کو ہر ماہ نازل ہونے والے اس عذاب سے چھٹکارا دلائیں۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ کے ڈاکوحکمران گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام پر جونکوں کی طرح مسلط ہیں اور بیرون ملک دولت کے ڈھیر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لے۔
تبصرہ