عوامی تحریک کے زیراہتمام قومی کانفرنس 22 فروری کو منعقد ہو گی
تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ق لیگ، جماعت اسلامی اور مذہبی جماعتیں شریک ہونگی
انصاف کی فراہمی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکمران سنجیدہ نہیں ہیں: خرم نواز گنڈاپور
قومی کانفرنس کی صدارت منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین کرینگے
لاہور (21فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 22 فروری کو انصاف کی فراہمی، دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے میں اداروں کا کردار کے عنوان سے قومی کانفرنس منعقد ہو گی۔ قومی کانفرنس کی صدارت عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین کرینگے۔ کانفرنس میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ق لیگ، جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل، عوامی مسلم لیگ، مجلس وحدت المسلمین سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتیں شریک ہونگی۔
قومی کانفرنس کے حوالے سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان اور اس کے عوام کے بڑے مسائل انصاف کی عدم فراہمی، دہشتگردی اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے حکمران کوئی ویژن اور پالیسی نہیں دے سکے۔ پنجاب میں رینجرز آپریشن کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کا جان و مال دہشتگردوں کے رحم و کرم پر ہے۔ ہر روز دھماکے ہورہے ہیں جبکہ حکمران جمع تفریق سے آگے نہیں بڑھ رہے۔
حکومت کا وجود سپریم کورٹ کے احاطے میں پاناما لیکس کے بعد ہونے والی میڈیا بریفنگ کے سوا اور کہیں نظر نہیں آرہا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء 27 ماہ بعد بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ پانامہ لیکس پر بھی وزیراعظم اپنے خاندان پر لگنے والے الزامات کا قطری خط کے سوا کوئی جواب نہیں دے سکے۔ پراپیگنڈا کے ذریعے انصاف کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مسائل کے حل اور متفقہ لائحہ عمل کے لیے قومی قیادت آج سر جوڑ کر بیٹھے گی ہم سمجھتے ہیں جب تک حکمرانوں پر عوام اپنا دباؤ نہیں بڑھائیں گے ملکی سلامتی خطرات سے دوچار رہے گی۔
تبصرہ