پنجاب میں فوراً رینجرز آپریشن کیا جائے، عوامی تحریک کا مطالبہ
خرم نواز گنڈا پور کی گنگارام ہسپتال میں مال روڈ خود کش دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت
لاہور (14فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپورنے گنگارام ہسپتال کے باہر مال روڈ خودکش دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔ پنجاب مسلسل دہشتگردوں کے نشانے پر ہے۔ پنجاب میں بلا تاخیر رینجرز آپریشن کیا جائے۔ صوبائی حکومت اور اسکے ماتحت ادارے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ہمیں افسوس ہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بھی دہشتگردی کا نشانہ بنے۔ جب تک پنجاب سے دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کا خاتمہ نہیں ہوتا تب تک امن قائم نہیں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کسی کو انصاف نہیں ملتا تو وہ اپنے حق کیلئے سڑکوں پر آتا ہے۔ یہ کہنا کہ اگر فارماسسٹس احتجاج کیلئے نہ آتے تو دہشتگردی کے اس واقعہ سے بچا جا سکتا تھا ایک قابل مذمت سوچ ہے۔ حکومت سنجیدہ ہوتی تو یکطرفہ طور پر بل پاس کرنے کی بجائے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتی۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے گنگارام ہسپتال کی ایمرجنسی میں خود کش دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے نیک تمناؤں کا اظہار اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبد الحفیظ چودھری بھی انکے ہمراہ تھے۔
تبصرہ