ڈاکٹر طاہرالقادری کا کم سن طیبہ کی کفالت کا اعلان
بچی کے قانونی لواحقین کو رہائش، اعلیٰ تعلیم تک تمام اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش
منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کو بچی کے ورثاء سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت
مظلوموں کے پاس ظالموں کو معاف کر دینے کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور (4 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کم سن طیبہ کے علاج، رہائش سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان، سربراہ عوامی تحریک کی منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کو بچی کے قانونی لواحقین سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے ورثاء جب چاہیں رابطہ کرسکتے ہیں۔ معصوم طیبہ کے جملہ اخراجات برداشت کریں گے۔ طیبہ کی علاج، رہائش اور اعلیٰ تعلیم تک کفالت ہمارے ذمہ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچی کے ساتھ پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ طاقت ور طبقہ غریبوں پر ظلم کر رہا ہے۔ مظلوموں کے پاس ظالموں کو معاف کر دینے کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا شخص جس کے ہاتھ میں انصاف کا ترازو ہے یہ درندگی اور سفاکی اس نے کی، اس پر انسانیت ماتم کنا ں ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی نہیں ہے اسی لئے ظالم مظلوموں پر ظلم کر رہا ہے۔ اقتدار کے نشے میں بد مست حکمرانوں اور کرپٹ نظام کی وجہ سے معاشرے میں ایسے رویے جنم لے رہے ہیں، ننھی طیبہ پر وحشیانہ تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
تبصرہ