پنجاب حکومت کی ہیلتھ پالیسی ینگ ڈاکٹرز اور مریضوں کو مارنا ہے، بشارت جسپال
غریب خاتون کی ہسپتال کے فرش پر موت کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، اجلاس سے خطاب
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (2 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کا ماہانہ اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور جناح ہسپتال میں بیڈ نہ ہونے کی وجہ سے غریب خاتون کی فرش پر موت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ غریب خاتون کی موت کا مقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف درج کیا جائے۔ اجلاس میں مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، عارف چودھری، راجہ زاہد، چودھری افضل گجر، نعیم الدین چودھری، راجہ ندیم و دیگر رہنماء شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کی بجائے موت اور دھکے ملتے ہیں۔ پنجاب حکومت 8 سالوں سے ڈاکٹروں اور مریضوں سے ظالمانہ ناروا سلوک کر رہی ہے۔ نا م نہاد وزیر اعلیٰ پچھلے دس سال سے پنجاب میں برسر اقتدار ہیں۔ اپنے دور اقتدار میں انہوں نے ہسپتالوں میں سہو لیات کیلئے کچھ نہیں کیا۔ پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 8 ہزار ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہیں۔ حکمران سر درد کا علاج کروانے کیلئے بھی بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔
سرکاری ہسپتال کی حالت کیسے بہتر ہو گی؟ دیگر اداروں کی طرح کمیشن خور حکمران سرکاری ہسپتالوں کو بھی ٹھیکے پر دینا چاہتے ہیں۔ اورنج منصوبے کے خالق بتائیں ہسپتالوں میں سہولتیں دینا کس کی ذمہ داری ہے؟ شہباز شریف صرف میٹرو، اورنج ٹرینیں چلانا چاہتے ہیں عوامی فلاح کے منصوبے اور سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے بہتر بنانے میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔ غریب خاتون کی ہسپتال کے فرش پر موت کے ذمہ دار صرف اور صرف وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں۔ پنجاب حکومت کی ہیلتھ پالیسی اور گورننس ینگ ڈاکٹرز پر ظلم اور مریضوں، مسیحاؤں اور معذوروں پر لاٹھی چارج کرنا ہے۔
تبصرہ