قطری واشنگ پاؤڈر اور نیب کی لانڈری مگر مچھوں کو پاک صاف کر رہی ہے: عوامی تحریک پنجاب
سیکرٹری خزانہ بلوچستان کے ساتھ پلی بارگینگ ثبوت ہے کہ کرپٹ مافیا
کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا
بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق کا نیب کی پلی بارگین پر شدید
ردعمل
لاہور
(21 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور بریگیڈئر
(ر) محمد مشتاق نے کہا کہ سیکرٹری خزانہ بلوچستان کے ساتھ نیب کی پلی بارگین اس بات
کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے کرپٹ مافیا کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ قطری واشنگ پاؤڈر
اور نیب کی لانڈری بڑے بڑے مگر مچھوں کو نہلا دھلا کر پاک صاف کر رہی ہے، احتساب کے
ادارے صرف سرکاری ملازمین کی رشوت پر حرکت میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو
میڈیا نے دکھایا کہ بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ کے گھر سے 70 کروڑ روپے نقد اور 4 کروڑ
روپے کا سونا برآمد ہوا۔ سیکرٹری خزانہ نے اپنا جرم تسلیم کرنے کے بعد پلی بارگین کی
درخواست دی جو آئینی ادارے نیب نے قبول کی، حالانکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں میں پلی بارگین
کو ماورائے قانون قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے چیئرمین روزانہ اپنی شاندار
کارکردگی اخبارات میں شائع کرواتے ہیں اور نیب کی اصل اوقات یہ ہے کہ وہ قومی خزانے
کے لٹیروں کا قانونی سہولت کار بنا ہوا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری درست کہتے ہیں کہ کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے اور ملک میں اس وقت کوئی ایسا ادارہ نظر نہیں آ رہا جو قومی لٹیروں پر ہاتھ ڈال سکے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ جن کی کرپشن کے نا قابل تردید ثبوت ہر جگہ موجود ہیں وہ بھی کلین چٹیں حاصل کر کے دوبارہ لوٹ مار کے کام پر لگ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اسکے عوام کی حفاظت کرے۔
بشارت جسپال نے کہاکہ گزشتہ چند روز سے حکمران اشتہار شائع کروا رہے ہیں جن میں سرکاری ملازمین کو سلاخوں کے پیچھے ہتھکڑیوں میں جکڑا دکھایا گیا اور پیغام یہ دیا گیا ہے کہ رشوت خوری کا انجام رسوائی۔ جبکہ دوسری طرف سے پانامہ کے ڈاکوؤں اور سیکرٹری خزانہ بلوچستان جیسے لٹیروں کو کلین چٹیں دی جا رہی ہیں۔ قوم کی دولت لوٹنے والے اور انکے سہولت کاروں کا انجام رسوائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے جرات تھی تو سیکرٹری خزانہ بلوچستان کی تصویریں شائع کروا کر دکھاتے۔
تبصرہ