حکمران کرپشن چھپانے کیلئے برادر اسلامی ملک قطر کو بھی بدنام کررہے ہیں : خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹر طاہرالقادری 4 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے، عوامی تحریک کے
سیکرٹری جنرل کا اجلاس سے خطاب
اراکین پارلیمنٹ کی کن خدمات پر انہیں مراعات سے نوازا گیا؟ رہنما عوامی تحریک
لاہور (24 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے کرپٹ کردار اپنی کرپشن چھپانے کیلئے برادر اسلامی ملک قطر کے معزز خاندان کو بھی بدنام کررہے ہیں۔ عوام سمجھ چکے ہیں کہ میاں نواز شریف نے کرپشن کی اور ان کے پاس اپنی دولت کے جائز ہونے کے ثبوت نہیں ہیں اور 7 ماہ گزر جانے کے بعد بھی وہ منی ٹریل نہیں دے سکے او راب ایک شہزادے کے خط کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پاکستان اور قطر کے عوام کے درمیان بھی غلط فہمیاں جنم لیں گی۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں اور ونگز کے صدور کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اجلاس میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے چار دسمبر سے شروع ہونے والے دورہ کراچی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور ان کی تنظیمی مصروفیات کا شیڈول طے کیا گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری 4 دسمبر کی صبح ٹورنٹو سے براستہ دبئی کراچی پہنچیں گے جہاں وہ دو روز قیام کے بعد 6 دسمبر کو لاہو رآئیں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بچے بچے کی زبان پر یہ نعرہ ہے کہ ہمارا وزیراعظم چور ہے۔ قانونی فیصلہ جو بھی آئے تاہم اخلاقی طور پر وزیراعظم اسے عہدے کے اہل نہیں ر ہے۔ پاناما کے کرپٹ کردار پاکستان کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ بھارت نے غیر اعلانیہ جنگ مسلط کر دی ہے جبکہ وزیراعظم کے بیانات معذرت خواہانہ اور بزدلانہ ہیں۔ ایک سوچ یہ بھی پائی جاتی ہے کہ جب بھی نواز شریف کے اقتدار کو خطرات لاحق ہوتے ہیں تو ملک میں دہشتگردی کے واقعات شروع ہو جاتے ہیں یا بھارت سرحدو ں پر چھیڑ چھاڑ شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے قیام کے عرصہ کے بدترین دور سے گزررہا ہے مگر حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ وزیراعظم ہر مسلئے کا حل قومی خزانے کو ریوڑیوں کی طرح بانٹنا سمجھتے ہیں۔ اب بھی اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا گیا ورنہ پارلیمنٹ اور اراکین پارلیمنٹ بتائیں انہوں نے کون سے کارہائے نمایاں انجام دیئے جو ان کی مراعات میں 150 فیصد کر دیا گیا۔
تبصرہ