حکمرانوں کی نا اہلی اور سفاکیت کی وجہ آج ایک بار پھر ڈاکٹرز سڑکوں پر ہیں: عوامی تحریک
پنجاب حکومت 8 سال گزرنے کے بعد بھی ڈاکٹر ز اور مریضوں کے
مسائل نہیں حل کر سکی
جاں بحق ہونیوالے مریضوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں : خرم نواز گنڈا پور،
فیاض وڑائچ، چوہدری افضل گجر
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (10 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، عوامی تحریک پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی نا اہلی اور سفاکیت کی وجہ سے پڑھے لکھے پیشے سے وابستہ ڈاکٹرز کو با ربار سڑکوں پر آنا پڑ رہا ہے۔ پنجاب حکومت 8سال گزرنے کے بعد بھی ڈاکٹر ز اور مریضوں کے مسائل نہیں حل کر سکی۔
حکومت اپنی ہٹ دھرمی اور ضد کو چھوڑے اور ڈاکٹرز کے مسائل پوری سنجیدگی کے ساتھ فوری حل کرے۔ مقدس پیشے سے وابستہ ان ڈاکٹرزکے مسائل کے حل میں حکمرانوں کی ضدحائل ہے۔ حکومت کے ایسے غیر سنجیدہ اقدامات عوام کو پریشان اور ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں ایسا سیاسی نظام چاہتی ہے جس کے بعد شیطانی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے اور کسی کو بھی اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نہ آنا پڑے۔ انسانیت کی مسیحائی کرنیوالے ڈاکٹروں کا بار بار سڑکوں پر آنا ثابت کرتا ہے کہ ملک کے حالات لٹیروں کو اقتدار کے ایوانوں سے دور کرنے کا تقاضا کر رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے آج جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں حکمرانوں کی نالائقی کے باعث ملک تباہی سے دوچار ہو رہا ہے۔
تبصرہ