حکمرانوں نے 7 ماہ گزار لئے، پانامہ کا جنازہ اٹھتا نظر آ رہا ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
تحریک قصاص برقرار ہے، واپسی کا ٹکٹ حاصل کر لیا، ورکرز کو اولاد کی طرح دیکھتا ہوں: سربراہ عوامی تحریک
حکمرانوں کا مستقبل محفوظ ہے اور نہ محفوظ دیکھنا چاہتا ہوں ورنہ پاکستان کی خیر نہیں
لاہور (5 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے حکمرانوں نے پانامہ کیس میں 7 ماہ گزار لئے، پانامہ کا جنازہ اٹھتا نظر آ رہا ہے۔ تحریک قصاص برقرار ہے اس کی ٹائمنگ طے کریں گے۔ واپسی کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔ پانامہ کیس کے حوالے سے نواز شریف اور پی ٹی آئی کے وکیل ایک ہی لاء فرم کے پارٹنر ہیں جو فیس ملے گی دونوں میں تقسیم ہو گی۔ احتساب کے متعلق رائے قائم کرنا کچھ مشکل نہیں۔ اس ملک میں پہلے بھی بہت کمیشن بنے نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن کا معاملہ بھی انتہائی قریب سے دیکھا ایسے کمیشنوں کے فیصلے حکمرانوں کی خواہش اور مرضی سے منسلک ہوتے ہیں۔ جسٹس باقر علی نجفی کے کمیشن میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار حکومت پنجاب کو ٹھہرایا گیا مگر رپورٹ نہیں ملی، ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ میرا خیال ہے حکمرانوں کو کلین چٹ مل جائے گی کیونکہ پاکستان میں بے رحم احتساب اور حکمرانوں کے محاسبے کا کوئی قانون ہی موجود نہیں ہے۔ حکمرانوں کا مستقبل محفوظ ہے اور نہ محفوظ دیکھنا چاہتا ہوں ورنہ پاکستان کی خیر نہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک قصاص کا دوسرا راؤنڈ ہو گا، ہمارا کارکن پہلے کی طرح پر عزم اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے پر اعتماد ہے، ورکرز کو اولاد کی طرح دیکھتا ہوں، ورکرز کو بے وجہ مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا، عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس کے کارکن مرکز سے یونین کونسل کی سطح تک منظم اور مربوط ہیں، ہمارا کارکن نہ بد دل ہوتا ہے نہ حالات سے گھبراتا ہے، جب وقت آئیگا تو سب دیکھ لیں گے۔
تبصرہ