ڈاکٹر رحیق عباسی نے عوامی تحریک کے مرکزی صدر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے
بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر (ر) مشتاق نے صدر پنجاب کیلئے کاغذات حاصل کیے
لاہور (26 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں بدھ کو بھی مرکزی و صوبائی عہدوں کے لیے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے۔ مرکزی صدر کے لیے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کاغذات پارٹی الیکشن کمیشن کو جمع کروائے، ان کے تجویز کنندہ جی ایم ملک اور تائید کنندہ عدنان جاوید تھے۔
مزید برآں صدر پنجاب کیلئے بشارت جسپال نے کاغذات حاصل کیے۔ پارٹی الیکشن کمشنر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کاغذات وصول کیے۔ اس موقع پر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ جمہوری عمل کے استحکام اور بقا کیلئے سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر بھی جمہوریت لانی چاہیے۔ کارکنوں کی رائے جاننے اور انہیں عزت دینے کے حوالے سے انٹرا پارٹی الیکشن ایک مفید سرگرمی، قانونی اور جمہوری تقاضا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 30 اکتوبر کو انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی و صوبائی عہدیداروں کا انتخاب ایک ہی روز عمل میں آئے گا۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں ساجد بھٹی، نوراللہ صدیقی اور میاں عبدالقادر نے بھی چیف الیکشن کمشنر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ چیف الیکشن کمشنر کی معاونت رانا محمد فیاض خان اور سیکرٹری الیکشن کمیشن غلام مرتضیٰ علوی نے کی۔
تبصرہ