منگلا پاور خرابی کا جھوٹا پراپیگنڈہ حکومت نے خود کرایا : ترجمان عوامی تحریک
آئی پی پیز کو 400 ارب کے گردشی قرضوں کی یکمشت ادائیگی کیلئے لوڈ
شیڈنگ میں اضافہ کا کھیل کھیلا جا رہا ہے
حکومت کی کوئی پاور پالیسی نہیں، بجلی کا ریموٹ کنٹرول آئی پی پیز کے ہاتھ میں ہے،
بشارت جسپال
لاہور (3 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق اور فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ منگلا پاور خرابی کا جھوٹا پراپیگنڈہ حکومت نے خود کرایا۔ آئی پی پیز کو 400 ارب کے گردشی قرضوں کی یکمشت ادائیگی کیلئے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ حکومت کی ناکامی ہے اس کی کوئی پاور پالیسی ہے نہ کوئی پاور مینجمنٹ، بجلی کا ریموٹ کنٹرول آئی پی پیز کے ہاتھ میں ہے۔ رہنماؤں نے کہاکہ گرمی کم ہونے کے باوجودلوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا شہروں میں 12 اور دیہات میں 20 گھنٹے تک لود شیڈنگ کا دورانیہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹر کو فارغ کیا گیا حالانکہ یہ ناکامی وزیراعظم اور وزیر پانی و بجلی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ بھی سیاسی ہے۔ ن لیگ اگلا الیکشن بھی بجلی کے فرضی منصوبوں کے نام پر لڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1985 میں مسلم لیگی وزیر خزانہ ڈاکٹر محبوب الحق نے اس وقت کہا تھا کہ 1986 میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی، آج 30 سال کے بعد مسلم لیگی وزیر اعظم کہہ رہے ہیں 2018 میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکمران بجلی منصوبوں کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ منگا پاور میں خرابی کا جھوٹا پراپیگنڈہ کروانے اور 4 سو ارب کے گردشی قرضوں کے معاملہ کی عدالتی تحقیقات کروائی جائے۔
تبصرہ