ادارے غیر فعال، جعلی جمہوریت اکثریتی آمریت میں بدل گئی : ڈاکٹر طاہرالقادری
پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پارلیمنٹ آواز بھی نہ نکال سکی، اداروں میں حکمرانوں کے ’’نیاز مند‘‘ بیٹھے ہیں
ان ہاؤس تبدیلی ہو یا اس نظام کے تحت نئے الیکشن یہی گینگ واپس آئیگا، سربراہ عوامی تحریک
لاہور (02 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوریت اکثریتی آمریت میں بدل چکی ہے، ادارے بے توقیر اور غیر فعال ہو چکے ہیں نظام ڈلیور نہیں کر رہا، پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پارلیمنٹ آواز بھی نہیں نکال سکی۔ مافیا اس نظام کو اور یہ نظام مافیا کو تحفظ دے رہا ہے، ہر چھوٹے بڑے ادارے میں ن لیگ کے خاندانی نوکر اور نیاز مند بیٹھے ہیں انصاف ملنا دور کی بات انکی مرضی کے بغیر پتہ بھی نہیں ہلتا، بے رحم احتساب اور ادارہ جاتی وسیع تر اصلاحات کے بغیر الیکشن ہوئے تو یہی لٹیرے واپس آ جائینگے۔ عوامی تحریک اس ظالم اور قاتل نظام کی سب سے بڑی اپوزیشن ہے۔ اس لٹیرے نظام کے خلاف ہم نے جان و مال کی قربانیاں دی ہیں، جنہیں ضائع نہیں جانے دینگے۔ وہ عوامی تحریک کی یورپین تنظیمات کے صدور و ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نظام کی تبدیلی، حقیقی معنوں میں آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن اور ادارہ جاتی اصلاحات شریف برادران کو ہٹانے جتنا اہم کام ہے۔ نیب، ایف آئی اے، ایف بی آرسلطنت شریفیہ کے غلام ادارے ہیں۔ پانامہ لیکس کی شکل میں ہونیوالی عالمی ڈکیتی پر ایکشن لینا تو دور کی بات کوئی ادارہ بات کرنے کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔ پارلیمنٹ کرپٹ وزیر اعظم کا محاسبہ نہیں کر سکی، 6 ماہ گزرجانے کے بعد سپریم کورٹ نے بھی نوٹس نہیں لیا، پانامہ لیکس اور ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات کو جنم دینے والے اس نظام کے خاتمے کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے، عوامی تحریک کے محب وطن، جمہوریت پسند اور با شعور کارکنان نے غیر آئینی الیکشن کمیشن اور کرپشن کنگز کو چیلنج کیا۔ ہمارے کارکن قومی جمہوری مقاصد کے اہداف کے حصول کیلئے آج بھی پر عزم اور تازہ دم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس نظام میں اب چہروں کی تبدیلی کی گنجائش بھی ختم ہو چکی ہے، باپ کے بعد بیٹی، بیٹے اور بھانجے بھتیجے تیار بیٹھے ہیں۔ ان ہاؤس تبدیلی ہو یا اس نظام کے تحت نئے الیکشن کچھ نہیں بدلے گا، یہی گینگ واپس آئیگا۔ قوم اور ملک کو آئین کی اصل روح والا جمہوری نظام اور آزاد ادارے چاہئیں جن کے ہوتے ہوئے کسی کو اپنے بنیادی حقوق کیلئے سڑکوں پر نہ آنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قومی لٹیروں سے پائی پائی وصول نہیں کر لی جاتی اور الیکشن کمیشن، نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے، پولیس اور سرکاری اداروں کو آئین کے مطابق آزادی نہیں مل جاتی، ملک اور قوم خوشحال نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرپٹ سلطنت شریفیہ کے تاریک دو ر میں بڑے پیمانے پر پڑھے لکھے پاکستانی بیرون ملک جا چکے ہیں اس قیمتی افرادی قوت کو واپس لانے کیلئے اس کرپٹ خاندان کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ نا گزیر ہے۔
تبصرہ