دہشتگردوں کے 70 فی صد مالی مددگار اور سہولت کار پنجاب میں ہیں : عوامی تحریک
سٹیٹ بنک نے جو 21 سو اکاؤنٹ منجمد کئے ان میں سے 1443 پنجاب سے
نکلے
ضرب عضب کا ساتھ دینے والے عوام علاقہ جات کو ترقیاتی کاموں میں خصوصی مقام دیا جائے
پنجاب میں رینجرز آپریشن شروع، قومی ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل تیز کیاجائے، خرم نواز
گنڈا پور
لاہور
(26 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے
کہ دہشتگرد گروپوں اور کالعدم تنظیموں کے 70فی صد مالی مدد گار اور سہولت کار پنجاب
میں ہیں۔ سٹیٹ بنک کی طرف سے منجمد ہونے والے 21 سو اکاؤنٹس میں سے 1443 کا تعلق پنجاب
سے نکلا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا یہ کہا دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ سچ ثابت ہو گیا کہ
پنجاب دہشتگردوں کا نظریاتی ہیڈ کوارٹر ہے اور قوم کو اب سمجھ جانا چاہیے کہ پنجاب
میں رینجرز کو آپریشن کی اجازت کیوں نہیں مل رہی؟ وہ پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء
رہنماء اور علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیکٹا نے جو کام 18 ماہ کی تاخیر سے شروع کیا وہی کام قومی ایکشن پلان کی منظوری کے فوری بعد شروع ہو جاتا تو 18 ماہ کے درمیانی عرصہ میں دہشتگردی کے واقعات سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں دہشتگردوں کی مالی مدد میں استعمال ہونے والا کوئی اکاؤنٹ سامنے نہیں آیا اس کا کریڈٹ کے پی کے امن پسند، محب وطن، انسانیت دوست عوام کو جاتا ہے بلاشبہ دہشتگردی کے سب سے زیادہ زخم کے پی کے عوام نے کھائے، اس کے باوجود ان کے عزم، حوصلے کو کمزور نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں 226، بلوچستان میں 193، اسلام آباد میں 27 اکاؤنٹس پکڑے گئے جو دہشتگردی کو فروغ دینے کیلئے استعمال ہو رہے تھے، پنجاب میں سب سے زیادہ اکاؤنٹس پکڑے گئے، ان اکاؤنٹس کو آپریٹ کرنے والوں اور انہیں اوپن کرانے والوں کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے اور دہشتگردی کے مالی مددگاروں اور سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پنجاب میں بلا تاخیر رینجرز کو آپریشن کرنے دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے بڑا واضح ویژن ہے کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو عبرت ناک انجام سے دوچار کیا جائے اور تعلیمی نصاب میں اصلاح کی جائے اور فروغ امن نصاب پڑھایا جائے ورنہ دہشتگردگروپ بھیس بدل بدل کر انسانیت کا خون بہاتے رہینگے اور اسلام کو بدنام کرتے رہیں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ہماری جماعت ایک بار پھر مطالبہ کرتی ہے کہ قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔ وزیرستان میں تعلیمی اداروں، رہائش گاہوں، کاروباری مراکز کی تعمیر مکمل کی جائے۔ نام بدل کر کام کرنے والی جماعتوں کو بین کیا جائے اور آئی ڈی پیز کی 100 فی صد بحالی کو بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے آپریشن ضرب عضب کا ساتھ دینے والے عوام، علاقہ جات کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے خصوصی مقام دیا جائے۔
تبصرہ