قصاص تحریک کے پہلے راؤنڈ نے قاتل حکمرانوں کی ’’چولیں‘‘ ہلا دیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
وزیراعظم جتنا مرضی بھاگ لیں انہیں پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب دینا پڑے گا
کس کی سرپرستی میں پاکستان کا مانچسٹر فیصل آباد دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنا؟ سربراہ عوامی تحریک
حکمرانوں کے ملک دشمنی پر مبنی مزید حقائق قوم کے سامنے لائیں گے
لاہور (8 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تحریک قصاص و سالمیت پاکستان کے پہلے راؤنڈ نے حکمرانوں کی ’’چولیں‘‘ ہلا دیں۔ ہمارے احتجاج کا اثر ہے کہ چار بار دل کی سرجری والے وزیراعظم پورے ملک میں پٹواریوں، حواریوں، مالیوں اور سوالیوں کے جلسوں سے خطاب کرتے پھر رہے ہیں، یہ جتنا مرضی بھاگ لیں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پانامہ لیکس کا حساب انہیں دینا پڑے گا، حکمرانوں کے ملک دشمنی پر مبنی مزید حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔ کس کی سر پرستی میں پاکستان کا مانچسٹر فیصل آباد دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنا؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں اور ونگز کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران قاتل اور کرپٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی سالمیت کیلئے خطرہ بھی ہیں، انکا اقتدار ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہے، بہت جلد کہا جائے گا ڈاکٹر طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے راؤنڈ میں غیر ملکی آقاؤں کی کٹھ پتلیوں کے چہروں سے نقاب اٹھایا۔ دوسرے راؤنڈ میں انکے مزید کچے چٹھے قوم کے سامنے لاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں زندانوں میں ہونا چاہیے وہ لٹیرے ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران قوم کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی کے اداروں کو بھی دھوکہ دے رہے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کو ایک سال تاخیر کا نشانہ بنانا اور 17 ماہ تک قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے دینا نا قابل تردید ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے دامن پر 37 سے زائد افراد کو قتل کروانے کا الزام اور ایف آئی آر درج ہے وہ پنجاب کا وزیر قانون ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ کومبنگ آپریشن کے دوران فیصل آباد سے پکڑے جانیوالے دہشتگرد کون ہیں، ان کے سرپرست اور سہولت کار کون ہیں اور اغوا کنندگان کا پہلا پڑاؤ فیصل آباد کیوں ہوتا ہے؟ پاکستان کا مانچسٹر فیصل آباد دہشتگردوں، بھتہ خوروں، جرائم پیشہ گروہوں اور قبضہ گروپوں کا مرکز کیوں بن کر رہ گیا ہے؟ انہوں نے کہاکہ سلامتی کے ادارے کب تک اصل حقائق عوام سے چھپاتے رہیں گے۔ دہشتگردی، کرپشن اور جرائم کا گٹھ جوڑ کون توڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے ’’قانونی دہشتگرد‘‘ کے متعلق حقائق پہلی بار منظر عام پر نہیں آ رہے اسکے جرائم کی طویل فہرست ہے۔ حیرت اس بات کی ہے کہ کوئی اس پر ہاتھ کیوں نہیں ڈال رہا ؟ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ملک دشمنی پرکوئی بولے یا نہ بولے پاکستان عوامی تحریک کا کارکن ضرور بولے گا۔
دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے بتایا کہ سربراہ عوامی تحریک مورخہ 9 ستمبر کو اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
تبصرہ