پنجاب دہشتگردی، جرائم کا بیس کیمپ، کراچی، سندھ کی طرح آپریشن ناگزیر ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
حکمرانوں کے پاس عوامی تحریک کے پر امن احتجاج سے نمٹنے کاوقت ہے بچوں کو تحفظ دینے کیلئے نہیں
تحریک قصاص کے سلسلے میں عوامی تحریک 6اگست کو مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالے گی
لاہور کے رہنماؤں کی سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات، احتجاج کے انتظامات پر بریفنگ دی
لاہور (03 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ہمارے بچوں کا حوصلہ نہ توڑ سکے مگر حکمرانوں کی روایتی بے حسی اور پولیس کی نا اہلی کے باعث اغوا کی وارداتوں نے انہیں خوفزدہ اور والدین کو فکر مند کر دیا۔ قومی ایکشن پلان پر عمل ہوتا تو مجرم دندناتے نہ پھرتے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لاہور کے رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ وفد میں احمد نواز انجم، چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، ثناء اللہ خان، حاجی فرخ اعجاز، زوہیب فاروق، حسن مرتضیٰ اور عمر قادری شامل تھے۔
لاہور کے رہنماؤں نے 6 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے کہا کہ کارکن مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی مارچ کریں گے اور دھرنا دینگے۔ رہنماؤں نے کہا کہ تحریک قصاص کو کامیاب بنانے کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ 6 اگست کا احتجاج تاریخ ساز ہو گا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور وزراء کے پاس عوامی تحریک کے پر امن احتجاج سے نمٹنے کے منصوبے بنانے کا تووقت ہے مگر بچوں کو تحفظ دینے کیلئے نہیں۔ اغوا کی حالیہ وارداتوں کے باعث ثمر کیمپ ویران اور بچے تفریح سے محروم ہو گئے۔ ضرب عضب کی کامیابی سے علاقہ غیر میں تو امن بحال ہو گیا مگر پنجاب بدستور انتہا پسندوں، دہشتگردوں اورمجرموں کا بیس کیمپ ہے۔ صرف کراچی یا سندھ نہیں پنجاب میں بھی فوجی آپریشن کی ضرورت ہے۔ شاہی پروٹوکول کے رسیا مگر مچھ حکمرانوں کے ہوتے محافظ، مجاہد، ایلیٹ فورس کارگر ثابت ہو سکی نہ ڈولفن فورس کا فینسی تجربہ کامیاب ہو سکے گا۔ جرائم کی جڑیں میدانوں میں نہیں اقتدار کے ایوانوں میں ہیں، جب تک جرائم پیشہ عناصر کے سرپرست اور ظلم کو تحفظ دینے والا یہ نظام زمیں بوس نہیں ہو گا جرم فروغ پذیر رہے گا۔ جو حکمران نئی نسل کو تحفظ کا احساس، نوجوانوں کو روزگار، کمزور کو انصاف نہیں دے سکے ان سے یہ گمان کرنا کہ وہ پاکستان کو لوڈشیڈنگ، توانائی، مسئلہ کشمیر، معیشت کی بحالی سمیت داخلی و خارجی بحرانوں سے نکال لیں گے غلط فہمی اور خود فریبی ہے ؟موجودہ معاشی دہشت گرد اور نااہل حکمرانوں کو جتنا وقت ملے گا پاکستان کا اتنا نقصان ہو گا۔
تبصرہ