کسان رہنماؤں کی عوامی تحریک کی 6 اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کی حمایت
حکمرانوں نے آج تک کوئی زرعی پالیسی نہیں دی، عوامی تحریک
کسانوں کی آواز بنے گی۔ خرم نواز گنڈا پور
عوامی تحریک کے ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں سیاسی جماعتیں، کسان، وکلاء طلباء
اورمزدور رہنما شرکت کریں گے
لاہور (01 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حکومتی دہشتگردی اور سفاکانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے جوانوں، خواتین، بچوں اور بے گناہ شہریوں کو دو سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا، کسی کو انصاف نہیں ملا، پاکستان عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے پہلے مرحلے میں 6 اگست سے لاہور، کراچی، چنیوٹ، گوجرانوالا، فیصل آباد، گھوٹکی، ڈیرہ غازی خان، ایبٹ آباد، سرگودھا، بہاولپور، حیدر آباد، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں قومی احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہونے والے ملک گیر قومی احتجاجی مظاہروں میں پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں، وکلاء، طلباء، مزدور، تاجر، سماجی اور کسان رہنماء شرکت کریں گے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بلوچستان اور سندھ سے آئے کسان رہنماؤں محمد سلیم خان کاکڑاور لالہ امام بخش سے ملاقات میں گفتگوکر رہے تھے۔ اس موقع پر احمد نواز انجم، بشیر خان لودھی بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ 17 جون کے سانحے، قتل عام اور منصوبہ بندی کا حکم دینے والے حکمران جب تک اقتدار میں ہیں، غیر جانبدار تحقیقات اور انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں۔ حکمران کرپشن، نا اہلیت اور آمرانہ رویوں کے باعث قوم کو انارکی و بھیانک مستقبل کی طر ف دھکیل رہے ہیں۔ ان ظالم حکمرانوں نے غریبوں اور نوجوان نسل کو کچھ نہیں دیا، عوام دشمن حکمرانوں نے کسانوں اور زراعت کوتباہ کر دیا۔ پاکستان عوامی تحریک ملک کے کسانوں کی آواز بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ 6 اگست سے شروع ہونے والی قومی احتجاجی تحریک کی حمایت کرنے پر کسان رہنماؤں کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے آج تک کوئی زرعی پالیسی نہیں دی جس کی وجہ سے ملک زراعت میں ترقی کرنے کی بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔ کسان دشمن حکمرانوں نے زرعی ٹیکس اور دیگر کئی صورتوں میں زرعی اشیاء کو مہنگا کر دیا ہے۔ کسان کھیتی باڑی کی بجائے زرعی زمینیں فروخت کرکے شہروں میں منتقل ہو رہے ہیں، اگر یہ حکمران مزید کچھ عرصہ اقتدار میں تو ملک کی زراعت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی، کسان رہنماؤں محمد سلیم خان کاکڑاور لالہ امام بخش نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسیاں کسان دشمنی پر مبنی ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کل کے اپوزیشن کے قومی مشاور تی اجلاس میں کسانوں کو در پیش مسائل کے حوالے سے درست باتیں کیں۔ کسان برادری ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہے اور 6اگست سے شروع ہونے والی قومی احتجاجی تحریک میں بھر پور شرکت کا یقین دلاتے ہیں۔
تبصرہ