دہشتگردی اور جرائم پیشہ لوگوں کا خاتمہ صرف رینجرز یا فوج کی ذمہ داری نہیں ہے، خرم نواز گنڈاپور
صوبائی حکومتوں کے تعاون اور کمٹمنٹ کے بغیر امن بحال نہیں ہو سکتا، عوامی تحریک
رینجرز کو غیر فعال کر کے دہشتگردوں کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟
اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، خرم نواز گنڈاپور
لاہور (21 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور جرائم پیشہ لوگوں کا خاتمہ صرف رینجر زیا فوج کی ذمہ داری نہیں ہے صوبائی حکومتوں کے تعاون اور کمٹمنٹ کے بغیر امن بحال نہیں ہو سکتا، رینجرز کو غیر فعال کر کے دہشتگردوں کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟ اپوزیشن کی تمام جماعتیں متفقہ لائحہ عمل کے ساتھ قومی ایشوز کو لے کر چلیں گی تو اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ وہ گذشتہ روز 31 جولائی کی قومی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں جی ا یم ملک، نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، احمد نواز انجم، فرح ناز، مظہر علوی و دیگر شریک تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ کراچی میں امن کی بحالی کے حوالے سے رینجرز نے اہم کردار ادا کیا اور دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر بھاگنے پر مجبور ہوئے، ہم تو اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب میں بھی رینجرز جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرے تا ہم سندھ حکومت بھی اس اہم قومی ایشو پر اپنی آئینی اور قومی ذمہ داریاں پہلے کی طرح انجام دے۔ وزیر اعلیٰ سندھ رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے ہر طرح کے سیاسی اور جماعتی مفادات سے بالا ہو کر فی الفور اس مسئلہ کو حل کریں تا کہ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کو واضح پیغام مل سکے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے سیاسی اور ملکی ادارے یکسو ہیں۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ن لیگ کی دھاندلی اور پیسے کی سیاست آزاد کشمیر میں بھی پہنچ گئی، وفاقی وزراء قومی دولت کو پانی کی طرح بہاتے رہے، لوگوں کے ووٹوں کی قیمت لگائی اور ن لیگ کے لوگوں کی جیبوں سے جعلی ووٹ بھی برآمد ہوتے رہے، جب تک یہ ن لیگی ذہنیت اداروں پر مسلط رہی عوام فیئر اور فری الیکشن کے ثمرات سے محروم رہیں گے۔ خر م نواز گنڈا پور نے 31 جولائی کے حوالے سے کہاکہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو شرکت کا دعوت نامہ بجھوا دیا ہے۔
تبصرہ