حکمران پانامہ کرپشن چھپانے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، اس بار نہیں بچیں گے، خرم نواز گنڈا پور
وزیر اعظم نا اہلی ریفرنس کی فوری سماعت کا آغاز نہ ہوا تو سپریم
کورٹ جائینگے
عمران خان کی ہمشیرہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں
لاہور (یکم جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکمران خاندان پانامہ پیپرزمیں ثابت ہونے والی کرپشن چھپانے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہا ہے مگراس بار یہ قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ ظالم نظام اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے سیاسی قانونی اور آئینی سطح پر چارہ جوئی کر رہی ہے۔ ہم نے وزیر اعظم کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس جمع کروا دیا ہے، ریفرنس کی فوری سماعت کا آغاز نہ ہوا تو سپریم کورٹ جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ حکمرانوں کی رعونت اور تکبر کے بت پاش پاش کرنے کیلئے عوامی تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقتدر خاندانوں کی بد معاشی اور غنڈہ گردی سے عوام کے جان و مال کو خطرات لاحق ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو قتل کرنے والے حکمران خاندان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ عمران خان کی ہمشیرہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس جان لے کہ حکمرانوں کا اقتدار زیادہ دیر چلنے والا نہیں، انہیں جلد اقتدار چھوڑ کر جیل جانا پڑے گا۔
تبصرہ