عوامی تحریک کے مال روڈ کے تاجروں سے کامیاب مذاکرات، تاجروں کی سہولت کیلئے احتجاج کا وقت رات کو منتخب کیا، خرم نواز گنڈا پور
لاہور
(14 جون 2016) مال روڈ کے تاجر رہنماؤں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ
میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات کی اور احتجاجی دھرنے سے متعلق تبادلہ
خیال کیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے تاجر رہنماؤں کو بتایا کہ عوام اور تاجروں کی سہولت
کیلئے احتجاج کیلئے رات کا وقت منتخب کیا۔ ہم مال روڈ کو صاف کر کے اٹھیں گے، ہمارا
مقصد ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے، 14بے گناہوں کو شہید کر دیا گیا اور دو سال بعد
بھی انصاف نہیں ملا۔ تاجروں کے وفد میں زاہد میر، ایس اے خان، محمد فاروق، نثار بزمی،
سہیل ظفراور محمد اسلم شامل تھے۔ عوامی تحریک کی طرف سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر
فرید کوریجہ، ساجد بھٹی نے مذاکرات میں حصہ لیا، خرم نواز گنڈ اپور نے کہاکہ شہباز
حکومت نے اپنے 8سالوں میں آج تک کسی کو احتجاج سے نہیں روکا، ہمارے لئے امتیازی سلوک
کیوں ؟ انہوں نے کہاکہ تاجر ہمارے بھائی ہیں ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا دھرنا
پر امن طور پر منتشر ہو گا۔ انہوں نے تاجر رہنماؤں سے کہاکہ 17جون کے بعد آل پارٹیز
کانفرنس بلائیں کہ کوئی جماعت مال روڈ پر احتجاج نہ کرے، ہم اس تجویز کو سپورٹ کریں
گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے تاجر رہنماؤں سے کہاکہ وہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے
شہداء کے ورثا کا ساتھ دیں اور 17جون کی رات مال روڈ پر ہمارے ساتھ گزاریں۔
تبصرہ