عالمی پیامبر امن کانفرنس
گزشتہ دنوں تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے زیراہتمام "عالمی پیامبر امن کانفرنس" کا انعقاد ہوا، جس میں مہمان خصوصی شیخ رشید احمد وفاقی وزیر ریلوے اور مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ جبکہ صدارت ملک فخرالزمان عادل رہنما تحریک نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں آقا (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا امتی ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اسلام کا پرچم سربلند رہے گا۔ اسلام کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ فرقہ واریت کو ختم کیا جائے اور مساجد و امام بارگاہوں کو اتحاد امت کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے رہبر کامل ہیں اور دنیا کے لئے امن اور سلامتی کا پیغام لے کر آئے۔
کانفرنس سے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ) تحریک منہاج القرآن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجدار کائنات آقا (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے پوری انسانیت کو پیغام امن دیا ہے۔ اسلام کی تعلیمات امن اور علم کے عالمگیر چارٹر پر مشتمل ہے۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے انسانیت کو امن عالم کا چارٹر عطا فرمایا ہے۔
آج پوری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ہر طرف بدامنی کو اسلام کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک پہلو ہے، اس کی صرف وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں نے پیامبر امن کی تعلیمات کو بھلا دیا ہے۔ آج ہر طرف روشن خیالی کے نام پر اسلام کی تعلیمات کو پس پشت کیا جا رہا ہے جس وجہ سے آنے والی نسلیں اسلام کے حقیقی تشخص سے نابلد ہوتی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں پوری دنیا کو پیغام امن دیا ہے۔ فرقہ واریت کا خاتمہ اور اتحاد بین الاقوام آج تحریک کی قیادت کی وجہ سے ہے۔ ہم نے امن کو سیرت مصطفوی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پیغام کے ساتھ عام کیا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں اسلام کا امیج بلند ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر غضنفر مہدی، ملک فخرالزمان عادل، علامہ عمر ریاض عباسی اور علامہ عنایت علی شاکر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اتحاد امت اور امن عالم کی داعی تحریک ہے۔ اس وقت اسلام پر آزمائش کا دور ہے اور ہمیں دین محمدی کی صحیح تصور کو اجاگر کرنا چاہئے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے۔ مقررین نے توہین آمیز خاکوں کی بھی مذمت کی۔
مقررین نے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اور اسلام کے حقیقی تصور کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔
تبصرہ