فتنہ الخوارج کو انجام تک پہنچانا ہوگا: خرم نواز گنڈاپور
قوم آج بھی شہید بچوں کادکھ اپنی روح پر محسوس کرتی ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

لاہور (16 دسمبر 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سانحہ اے پی ایس کے تناظر اور معصوم شہداء بچوں کی برسی پر اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ کے معصومین کے لواحقین آج بھی اپنے پیاروں کی تکلیف کو محسوس کرتے ہیں، یہ ایک ایسا زخم ہے جو نہ بھرا اور نہ کبھی بھر سکے گا، اس وقت فتنہ الخوارج کو انجام تک پہنچانے کے لئے ایک نیا عزم کرنا ہو گا، دہشت گردی کسی شکل میں بھی ہو اُس کاقلع قمع کرنا ہماری قومی، ملی و دینی ذمہ داری ہے، معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رو رعایت اور ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں، دہشت اور انتہا پسندی کے خاتمے کی جدوجہدکرنا ہرشہری کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 2010ء میں فتنہ الخوارج کے خلاف جو فتویٰ دیا تھا وہ آج ریاست کا بیانیہ بن چکا ہے، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں جو بچے شہید ہوئے اُن کے والدین کے ساتھ باردگر اظہار تعزیت کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ رب العزت ان شہداء بچوں کو والدین کے لئے بخشش کا ذریعہ بنائے اور انہیں اس دنیا میں بھی اجر کثیر سے نوازے۔


تبصرہ