حکومتی وزراء کے سو میں سے ننانوے بیانات مخالفین کے خلاف ہوتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
بڑھتی ہوئی آبادی، کم ہوتی ہوئی تعلیم صحت کی سہولتیں شاید ان کے نزدیک مسائل نہیں ہیں
وزراء نان ایشوزپر توانائیاں برباد کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی کے بارے میں بتائیں
چند سالوں سے ترقی کا پہیہ جامد ہے اور پاکستان ”سویا ہوا محل“ دکھائی دے رہا ہے

لاہور (3 دسمبر 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کے سو میں سے ننانوے بیانات سیاسی مخالفین کے خلاف ہوتے ہیں، ہر سطح پر جوابدہی کے نظام کو کمزور بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی، کم ہوتی ہوئی تعلیم، صحت کی سہولتیں، نظام انصاف میں کمزوریاں شاید حکمرانوں کے نزدیک سرے سے مسائل نہیں رہے۔ مختلف سماجی ایشوز پر منائے جانے والے ایام میں حکمرانوں کی دلچسپی اشتہارات اور تصاویر شائع کروانے تک محدود ہوتی ہے۔ وزراء اپنی اپنی وزارتوں کی کارکردگی بیان کرنے، عوام کو سہولتیں دینے کے حوالے سے کارکردگی رپورٹس بیان کرنے کی بجائے نان ایشوز پر توانائیاں برباد کرتے نظر آتے ہیں۔
پچھلے چند سالوں سے ترقی کا پہیہ جامد اور پاکستان ”سویا ہوا محل“ دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک 25 کروڑ عوام کا مسکن اور مستقبل ہے۔ زراعت، آبی ذخائر کی تعمیر اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے جیسے ایشوز سے مزید صرف نظر نہ کیا جائے ورنہ بہت بڑی تباہی آئے گی۔


تبصرہ