انسانی حقوق کے تحفظ میں صحافت کا کردار اہم ہے: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں نے ظلم کو بے نقاب کیا
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک کانیشنل یونین آف جرنلسٹس کے کنونشن سے خطاب

لاہور (28 نومبر2025) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے نیشنل یونین آف جرنلسٹس کے کنونشن اور ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی معاشرے میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کردار ادا کرتے ہیں۔ ظلم اور جبر کے مقابلے میں سب سے پہلے صحافی ہی سچ کی آواز بن کر سامنے آتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں میڈیا نے غیر معمولی جرات، پیشہ وارانہ دیانت اور سچائی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں نے خوف کی فضا کے باوجود حقائق چھپنے نہیں دئے۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں صحافیوں کی بہادری تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی جہاں کہیں ہو صحافی مظلوموں کی آواز بن کر سامنے آتے ہیں۔ آزاد میڈیا معاشرے کو زندہ اور باشعور رکھتا ہے۔ صحافت کو دبانا دراصل معاشرے کو اندھا اور گونگا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل یونین آف جرنلسٹس کے کنونشن اور ایوارڈ تقسیم کی تقریب میں شریک ہو کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔ یہ تقریب نہ صرف صحافیوں کی محنت، قربانی اور پیشہ وارانہ خدمات کا اعتراف ہے بلکہ آزاد صحافت کے اس مقدس مشن کی تجدید بھی ہے جس کا امین ہر سچا صحافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک بار پھران تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون جیسے اندوہناک واقعے میں بے مثال جرات اور سچائی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے کیمرے، قلم اور آواز نے سچ کو زندہ رکھا۔ یہ کردار تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ روشن رہے گا۔ انہوں نے نیشنل یونین آف جرنلسٹس کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب لوگ صحافی برادری کے حقوق، تحفظ اور پیشہ وارانہ تربیت کےلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ جن صحافیوں کو ایوارڈ ز ملے ہیں وہ دراصل اس بات کا ثبوت ہیں کہ محنت، سچائی اور پیشہ وارانہ معیار ہمیشہ اپنا مقام بناتے ہیں۔


تبصرہ