نابینا افراد کے جائز مطالبات فوری حل کئے جائیں: پاکستان عوامی تحریک لاہور
معذور افراد کو کنٹریکٹ میں ایکسٹینشن اور روزگار دیا جائے : ملک احمد اخوان
پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے معذور افراد کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں
معذور افراد کے ساتھ شفقت کا برتاؤ آئین کا تقاضا ہے: صدر عوامی تحریک لاہور
لاہور (21 نومبر2025) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ملک احمد اخوان نے پنجاب اسمبلی کے باہر نابینا افراد کے 10روز سے جاری مسلسل احتجاج پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نابینا افراد کے جائز مطالبات فوری حل کئے جائیں۔ معذور افراد کو کنٹریکٹ میں ایکسٹینشن اور روزگار دیا جائے۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے معذور افراد کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں، معذور افراد کے ساتھ شفقت کا برتاؤ آئین کا تقاضا ہے۔ نابینا افراد معاشرے کاقابلِ احترام حصہ ہیں کسی مہذب معاشرے میں کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے۔ نابینا افراد مطالبات کر رہے ہیں کہ انہیں روزگار دیا جائے، جوکنٹریکٹ پر ہیں انہیں مستقل کیا جائے، جن کے کنٹریکٹ ختم ہوگئے ان کو Continueکیا جائےاسی طرح ان کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین نے تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیے ہیں اور ریاست پر لازم ہے کہ خصوصی افراد کو سہولیات، روزگار اور تحفظ فراہم کرے۔ ملک احمد اخوان نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ نابینا افراد گزشتہ 10 روز سے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کر رہے ہیں مگر ان کے مطالبات سنے بھی نہیں جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کی مشکلات اور بے بسی کو نظرانداز کرنا انسانی ہمدردی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ معذور افراد کی فلاح اور ان کے جائز حقوق کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
حضور نبی اکرم ﷺ نے معذور افراد کے ساتھ انصاف، تعاون اور احترام کی تعلیم دی اور انہیں معاشرے میں برابر کا مقام دینے پر زور دیا ہے۔ معذور افراد کی خدمت کو نیکی اور عبادت قرار دیا گیا ہے۔ ملک احمد اخوان نے کہا کہ فوری طور پر نابینا افراد کے نمائندوں سے مذاکرات کیے جائیں، ان کی شکایات کو سنا جائے اور اُن کے جائز مطالبات کو بغیر کسی تاخیر کے پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک محروم طبقات کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔


تبصرہ