خرم نوازگنڈاپور نے سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے
پاکستان عوامی تحریک کے انٹراپارٹی انتخابات 10نومبر سے شروع ہونگے

لاہور(14اکتوبر2025)پاکستان عوامی تحریک انٹراپارٹی انتخابات میں سینئر راہنما خرم نواز گنڈاپور نے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں انتخابی کمیٹی کے روبرو خرم نواز گنڈاپور نے باقاعدہ طور پر دستاویزات جمع کروائیں، اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے دیگر راہ نما، کارکنان اور امیدواران بھی موجود تھے۔ انٹرا پارٹی انتخابی کمیٹی کے مطابق تمام امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مقررہ شیڈول کے مطابق کی جائے گی اور حتمی فہرست یکم نومبر 2025ء کو جاری کی جائے گی۔ 10 نومبر سے شروع ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات16نومبر تک جاری رہیں گے۔ یہ انتخابات مختلف مرحلوں میں مکمل کئے جائیں گے جن میں ضلعی،صوبائی اور مرکزی سطح کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔انٹرا پارٹی شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں مرکزی،سنٹرل پنجاب اور لاہور کے عہدیداران کیلئے انتخابات10نومبر2025 (اتوار) کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوں گے۔
کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 14اکتوبر2025ہے جبکہ امیدواروں کی حتمی لسٹ کا اجرا یکم نومبر2025 کو کیا جائے گا۔پاکستان عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سیکرٹری انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن پی اے ٹی سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات جمہوری اقدار کے فروغ اور تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی کیلئے نہایت اہم ہیں۔انٹرا پارٹی انتخابات کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابات کروائے جائیں گے۔کراچی اور اسلام آباد ریجن کیلئے پولنگ 11 نومبر 2025 کو ہو گی۔ ہزارہ ریجن کیلئے پولنگ12 نومبر2025 کو ہو گی۔ صوبہ بلوچستان اورخیبرپختواہ اور جنوبی پنجاب ریجن کیلئے پولنگ13 نومبر2025 کو ہو گی۔گلگت بلتستان ریجن کیلئے پولنگ14 نومبر2025 کو ہو گی۔اندرون سندھ ریجن کیلئے پولنگ15 نومبر2025 کو ہو گی۔آخری مرحلے میں شمالی پنجاب ریجن کیلئے پولنگ16نومبر2025 کو ہو گی۔


تبصرہ