عدم استحکام کا فائدہ بیرونی قوتیں اٹھائیں گی: خرم نواز گنڈاپور
افواج پاکستان مشرقی اور مغربی بارڈر پر برسرپیکار ہیں، قومی یکجہتی ناگزیر
طاقت کے بے رحم استعمال سے معاملات بند گلی کی طرف جائیں گے
افسوس مسائل کے حل کیلئے جس سیاسی سوچ کی ضرورت ہے وہ نظر نہیں آتی

لاہور (13 اکتوبر 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی راہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے، مغربی اور مشرقی سرحدوں پر افواج پاکستان وطن عزیز کا جرأت مندانہ دفاع کررہی ہیں، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی سلامتی کے لئے یکجان ہواجائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی جارحیت کے ساتھ ساتھ وطن عزیز دہشت گردی کی لپیٹ میں بھی ہے، روزانہ کی بنیاد پر افسران اور جوان جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، دشمن عدم استحکام چاہتا ہے، اس وقت پاکستان پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے، اگر حالات کو بگاڑا گیا تو اس کا فائدہ یقینا بیرونی دنیا اٹھائے گی لہٰذا طاقت اور تشدد کے بے رحم استعمال سے گریز کیا جائے، معاملات بند گلی کی طرف دھکیلنے کا نقصان ہو گا، اس وقت جس سیاسی سوچ اور اپروچ کی ضرورت ہے اُس کا فقدان ہے، انہوں نے کہا کہ مریدکے کے تناظر میں سوشل میڈیا پر بہت خوفناک مناظر نمایاں کئے جارہے ہیں، عوام میں خوف و ہراس اور بے چینی ہے، یقینا دشمن ملک جلتی پر تیل گرائے گا، لہٰذا معاملات کو سمجھداری کے ساتھ سنبھالا جائے۔


تبصرہ