اسلام آباد نیشنل پریس کلب واقعہ افسوسناک ہے: پاکستان عوامی تحریک
یہ ایک ایسابرا واقعہ ہے جودہائیوں تک مذمتی الفاظ کے ساتھ یاد کیا جاتا رہے گا
صحافیوں اور صحافتی اداروں کو عزت دی جائے، خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد
لاہور(3 اکتوبر 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد نیشنل پریس کلب کا واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ کسی جمہوری اور مہذب معاشرے میں ایسے واقعات کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ وضاحتیں اور صفائیاں اپنی جگہ پر مگر یہ ایک ایسا برا واقعہ ہے جو دہائیوں تک مذمتی الفاظ کے ساتھ یاد کیا جاتا رہے گا۔ حکومت وقت کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائے اور ذمہ داروں کو سزا دے اور ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کہ دوبارہ اس طرح کے افسوسناک واقعات کا اعادہ نہ ہو سکے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دو ملکوں کی جنگوں میں بھی اس طرح کے حملے صحافتی اداروں پر نہیں ہوتے۔ نیشنل پریس کلب میں توڑ پھوڑ اور صحافیوں پر تشدد کرنا ناقابل فہم ہے۔ راہ نماؤں نے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صحافت کے آئینے کو نہ توڑا جائے ورنہ دوست اور دشمن کا چہرہ پہچاننا مشکل ہو جائے گا۔ مضبوط صحافت ذمہ دار جمہوریت کے لئے ناگزیر ہے۔


تبصرہ