مسائل مخالفانہ قراردادوں کی بجائے مکالمہ سے حل ہونے چاہئیں: عوامی تحریک
خیبرپختونخوا حکومت کا موقف ہے مشکل وقت میں پنجاب حکومت نے گندم کی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی
سیلاب میں بہت کچھ بہہ گیا،قومی یکجہتی نہیں بہنی چاہیے، پنجاب حکومت گندم پر پابندی کے الزام کا جواب دے
چاروں صوبوں کے عوام کی فوڈ سکیورٹی کا تحفظ کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے، خرم نواز گنڈاپور
آزادانہ ٹریڈ کو روکنے پر آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے

لاہور (17 ستمبر 2025) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی راہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں گندم کے مسئلہ پر پنجاب کے خلاف قرارداد کی منظوری باعث تشویش ہے، مسائل مخالفانہ قراردادوں سے نہیں مکالمہ سے حل ہوں گے۔ سیلاب میں بہت کچھ بہہ گیا مگر قومی یکجہتی نہیں بہنی چاہیے، گندم کا مسئلہ مفادات کی مشترکہ کونسل میں حل کیا جائے۔ عوام کی فوڈ سکیورٹی وفاق کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا حکومت کا موقف ہے مشکل وقت میں پنجاب حکومت کی گندم کی نقل و حمل پر پابندی عائد کرکے صوبہ کے کروڑوں عوام کے لئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 68 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ اتنا مہنگا آٹا صوبہ کے متوسط اور کم آمدنی والے شہری نہیں خرید سکتے، پنجاب حکومت کو اس الزام کا بلاتا خیر سنجیدگی سے جواب دینا چاہیے کیونکہ صوبے انتظامی امور کے لئے ہیں پاکستان کے ہر شہری کا پاکستان کے وسائل پر یکساں حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کی طرف سے بھی گندم کی نقل و حمل پر پابندی عائد کرنے کی تصدیق کی گئی ہے فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ملک کے اندر آزادانہ ٹریڈ کو روکنا آئین کے آرٹیکل 151کی خلاف ورزی اور بنیادی حقوق کی نفی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکمران سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے عوامی حلقوں کو دل کھول کر مدد کرنے کی اپیلیں کررہے ہیں۔ اگر وہ خود اپنے دل کو تنگ کریں گے تو پھر امدادی سرگرمیوں اور قومی یکجہتی کو ناقابل نقصان پہنچے گا۔ خیبرپختونخوا کے عوام سیلاب کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی آفت سے بھی نمٹ رہے ہیں اور اس حوالے سے ہماری فوج امن اور عوام کے تحفظ کے لئے ایک خطرناک جنگ لڑرہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر شہادتیں ہورہی ہیں اس نازک موقع پر خیبرپختونخوا کے لئے پنجاب سمیت دیگر صوبوں کا رویہ ہمدردانہ ہونا چاہیے، پنجاب کو مشکل کی اس گھڑی میں بڑے بھائی والا کردار ادا کرنا چاہیے، انہوں نے خیبرپختونخوا کی حکومت سے بھی کہا کہ مخالفانہ قراردادوں سے تقسیم اور تفریق بڑھے گی، لہٰذا مکالمہ سے کام لیا جائے۔ قومی یکجہتی کا تحفظ چاروں صوبائی حکومتوں اور عوام کی یکساں ذمہ داری ہے۔


تبصرہ