1500پاکستان عوامی تحریک کا گرینڈ اجلاس: 1500 واں یوم ولات و عالمی میلاد کانفرنس، انٹرا پارٹی الیکشنز اور مراکزعلم پر بریفنگ

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ایک گرینڈ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت راجہ زاہد محمود نائب صدر نے کی، جبکہ سردار عمر دراز خان مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن اور میاں ریحان مقبول مرکزی کوآرڈینیٹر مراکزِ علم و صدر سنٹرل پنجاب نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی اُمور، عالمی میلاد کانفرنس، انٹرا پارٹی الیکشنز اور مراکزِ علم کے قیام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
راجہ زاہد محمود نے اجلاس کے شرکاء کو مینارِ پاکستان میں ہونے والی 1500ویں عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات پر بریفنگ دی اور کہا کہ اس سال تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا 1500واں یوم میلاد نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا جس میں دنیا بھر سے جید علما و مشائخ شریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشنز الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق شفاف انداز میں منعقد ہوں گے۔
میاں ریحان مقبول نے سنٹرل پنجاب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نئے ڈویژنل و ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریز اور سوشل میڈیا ٹیم کے ذمہ داران کو نوٹیفکیشنز جاری کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مراکزِ علم سعید رضا بغدادی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان میں 25 ہزار مراکزِ علم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو ہر گلی محلے میں کھولے جائیں گے۔ ان مراکز کے ذریعے عوام کو دینی و سماجی شعور فراہم کیا جائے گا تاکہ مصطفوی معاشرے کے قیام کی منزل حاصل ہو سکے۔
اجلاس میں لاہور زون کے صدر انجینئر شفاقت علی مغل، جنرل سیکرٹری مخدوم گلزار حسین شاہ کے علاوہ آن لائن شریک قائدین میں شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، جنرل سیکرٹری ملک ارشد الٰہی کھوکھر، خیبرپختونخوا کے صدر سبحان اللہ خان، صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی سید ظفر علی شاہ، کراچی زون کے آرگنائزر عدنان راؤف انقلابی اور توقیر احمد اعوان سمیت ملک بھر سے قائدین شامل تھے۔
اجلاس کے اختتام پر بونیر اور خیبرپختونخواہ میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔














تبصرہ