انتخابی ایکٹ 138 میں ترمیم سے عوامی نمائندے مقدس گائے بن جائیں گے: خرم نواز گنڈاپور
پرائیویسی کے نام پر گوشوارے شائع کرنے کے الیکشن کمشن کے اختیار کو محدود کیا جا رہا ہے
ایکٹ میں ترمیم ہوئی تو کرپشن کا گھوڑا بے لگام ہو جائے گا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

لاہور (25 اگست2025) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پرائیویسی کی آڑ میں عوامی نمائندوں اور سول افسران کے سالانہ گوشوارے شائع کرنے کے الیکشن کمیشن کے اختیار کو محدود اور مشروط کرنے کے لئے انتخابی ایکٹ 138 میں ترمیم لائی جا رہی ہے۔ اگر یہ ترمیم منظور ہو گئی توعوام اراکین اسمبلی کے اثاثہ جات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے حق سے محروم ہوجائیں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ترمیم آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی رو ح کے خلاف اور معلومات تک رسائی کے آئینی حق کی نفی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی ایکٹ 138 اراکین اسمبلی کو سالانہ گوشوارے جمع کروانےاور الیکشن کمیشن کو گوشوارے شائع کرنے کا پابند بناتا ہے۔ ترمیم لائی جا رہی ہے کہ گوشوارے پبلک کرنے کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز اور چیئرمین سینٹ کی اجازت کے ساتھ مشروط کر دیا جائے، یہ شفافیت کے خلاف ہے اگر ایسا ہوا تو عوامی نمائندے مقدس گائے بن جائیں گے اور کرپشن کا گھوڑا بے لگام ہو جائے گا۔ عوام کو اپنے نمائندوں کے اثاثہ جات کی تفصیل جاننے کا حق حاصل ہے۔


تبصرہ