پاکستان عوامی تحریک قیادت کی جانب سے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد
آزادی کی اصل روح سچائی، قربانی اور اتحاد میں ہے: قاضی زاہد حسین
پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے، ترقی و خوشحالی میں سب کو کردار ادا کرنا ہوگا: عوامی تحریک

پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی و صوبائی قیادت نے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور اسے تجدیدِ عہد وفا کا دن قرار دیا۔ مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح کی بے لوث، مخلصانہ اور مدبرانہ قیادت میں برصغیر کے مسلمان آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوئے۔ ہمیں اس دن کی اصل روح کو زندہ رکھتے ہوئے سچائی، قربانی اور اتحاد کی قدروں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے اور ہر دور میں قوموں کو اپنے نظریات کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ نوجوان نسل کو ملک کے مستقبل کی ضمانت بننے کے لیے اپنی تعلیم اور کردار مضبوط کرنا ہوگا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ الحمد اللہ آج پاکستان کے قیام کو 78 سال مکمل ہوچکے ہیں، پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اس کی حفاظت، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، محنت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار مقام دلائیں۔
اس موقع پر مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام انجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، مرکزی سیکرٹری کوارڈینیشن سردار عمر دراز خان، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عارف چوہدری، صدرسنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول، صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق الرحمان، صدر کراچی زون سید ظفر علی شاہ، صدر جنوبی پنجاب چوہدری قمر عباس دھول، صدر خیبر پختوانخواہ سبحان اللہ خان مصطفوی، صدر ہزارہ زون ڈاکٹر جہانگیر خان عباسی، صدر لاہور زون انجنیئر شفاقت علی مغل، صدر سندھ محمد ندیم نقشبندی، صدر بلوچستان محمد اسمٰعیل نورزئی، کوارڈینیٹر گلگت بلتستان اورنگزیب قریشی ایڈوکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے بھی یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارک باد دی اور وطن عزیز کی ترقی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


تبصرہ