عوامی لائرز فورم کے وفد کی لاہور ہائیکورٹ بار کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات
وفد نےلاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی
وکلاء برادری کا انسانی حقوق اور آئین کی بالادستی میں کلیدی کردار ہے: نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ
بار ایسوسی ایشن وکلا کے مسائل کے حل و عدالتی نظام میں بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی: آصف نسوانہ ایڈووکیٹ
لاہور (26 فروری2025) عوامی لائرز فورم کے صدر اور امیدوار برائے ممبر پنجاب بار کونسل نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ کی قیادت میں وکلاء کے وفد نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کی۔ وفد نے نومنتخب صدر بار ملک آصف نسوانہ ایڈووکیٹ، سیکرٹری فرخ الیاس چیمہ ایڈووکیٹ اور نائب صدر عبد الرحمان رانجھا ایڈووکیٹ کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی وکلا کی فلاح و بہبود کا باعث بنے گی۔
وفد میں آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، سعود احمد ایڈووکیٹ، چوہدری عطا الرحمان ایڈووکیٹ، میاں محمد نعیم چوہدری ایڈووکیٹ، سید عامر حسین گیلانی ایڈووکیٹ، رائے محمد اقبال کھرل ایڈووکیٹ، محبوب حسین چوہدری ایڈووکیٹ، یاسین بھٹی ایڈووکیٹ، زوبیہ سلیم انصاری ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء شامل تھے۔
عوامی لائرز فورم کے صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کا ہمیشہ سے ملک میں جمہوری روایات کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ اور آئین کی بالادستی میں کلیدی کردار رہا ہے۔ وکلاء کسی بھی ملک کے عدالتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ان کے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بار کو نوجوان وکلاء کے لیے تربیتی پروگرامز اور فلاحی اسکیموں کو مزید مستحکم کرنا چاہیے تاکہ وکلاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار آئے اور انہیں مالی و پیشہ ورانہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ملاقات میں وکلاء کی فلاح و بہبود، بار اور بنچ کے تعلقات کی مضبوطی اور آئین و قانون کی سربلندی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے بار کے نومنتخب عہدیداران کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ نو منتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملک آصف نسوانہ نے عوامی لائرز فورم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وکلاء ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور عدلیہ کی آزادی کے لیے صف اول میں رہے ہیں۔ بار اور بنچ کا مضبوط تعلق ہی ایک منصفانہ نظامِ انصاف کی بنیاد ہے، اور اس حوالے سے وکلاء کی ذمہ داری سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار کو وکلاء کے فلاحی منصوبوں پر بھی بھرپور توجہ دینی ہوگی، تاکہ نوجوان وکلاء کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ہر وکیل کے مسائل کے حل اور عدالتی نظام میں بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
تبصرہ