واخان کے معاملہ پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے:خرم نواز گنڈا پور
وزیر دفاع کی بجائے وزیر خارجہ کو پالیسی بیان جاری کرنا چاہیے
لاہور (14جنوری 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ واخان کے معاملہ پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے، وزیر دفاع کی بجائے وزیر خارجہ کو اپنا موقف دینا چاہیے، اس سارے معاملہ پر پارلیمنٹ خاموش ہے، عوام کا یہ حق ہے کہ انہیں ایسے قومی امور پر اعتماد میں لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث حیرت ہے جس مسئلہ پر وزیر خزانہ کو بولنا چاہیے اس پر وزیر اطلاعات بولتے ہیں، اور وزیر اطلاعات کی ترجمانی کوئی اور وزیر کر رہا ہوتا ہے، یہ بیڈ گورننس کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چنیوٹ سے کھربوں روپے کے سونے کے ذخائر دریافت ہونے کی خبر دی گئی ہے،یہ ذخائر کیسے تصرف میں آئیں گے اور کب اس پر کام شروع ہوگا؟ کیا ان ذخائر کا انجام بھی ریکو ڈیک والا ہوگا؟ اس کے بارے میں راوی مکمل خاموش ہے۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے چنیوٹ میں اربوں کھربوں روپے کے تانبے کے ذخائر ملنے کی خبر دی تھی اور بڑا جشن منایا تھا ان ذخائر کا کیا بنا اس حوالے سے بھی قوم کو پیش رفت کے بارے میں کچھ بتایا جائے۔
تبصرہ