سردار عمر دراز خان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن مقرر
تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپورنے جاری کیا
قاضی زاہد حسین، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، میاںریحان مقبول و دیگر رہنمائوں کی مبارکباد
پاکستان عوامی تحریک کے لیے خدمات انجام دینا باعث فخر ہے: سردرا عمر دراز خان
لاہور (17 نومبر2024) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنما سردار عمر دراز خان کو عوامی تحریک کا مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن مقرر کر دیا گیا ہے۔ تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی جانب سے جاری کیا گیا۔ سردار عمر دراز خان اس سے قبل عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈنیشن سمیت مختلف اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، عارف چودھری، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، ملک توقیر اعوان ایڈووکیٹ، سید ظفر علی، سید کامران پرویز، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، سردار منصور خان، چوہدری قمر عباس دھول، سبحان اللہ خان، آصف سلہریا ایڈووکیٹ سمیت دیگررہنمائوںنے سردار عمر دراز خان کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی قابلیت اور سیاسی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی ترقی اور اس کے مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے مختلف مواقع پر عوامی مفاد کے معاملات کو قومی سطح پر اٹھایا۔ چاہے وہ کرپشن کے خاتمے کی بات ہو، انتخابی اصلاحات کا مطالبہ ہو یا سماجی انصاف کا قیام، پاکستان عوامی تحریک نے ہر محاذ پر عوام کے حقوق کے لیے اپنا مؤقف مضبوطی سے پیش کیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کا عزم ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوامی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے تاکہ ہر شہری کو مساوی مواقع میسر آئیں اور پاکستان ایک خوشحال اور مستحکم ریاست بن سکے۔
سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سردار عمر درازخان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کا مقصد ایک ایسا نظام لانا ہے جس میں عوام کو ان کے بنیادی حقوق میسر ہوں اور انصاف کا بول بالا ہو۔ پاکستان عوامی تحریک کے منشور میں تعلیم، صحت، روزگار، اور عدل و انصاف کے نظام میں اصلاحات کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔
سردار عمر دراز خان نے نئی ذمہ داری ملنے پرقیادت کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے لیے خدمات انجام دینا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان عوامی تحریک ایک متحرک سیاسی جماعت کے طور پر عوام کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے کی آواز بلند کی ہے۔
تبصرہ