پنجاب کےکروڑوں لوگ سموگ کے رحم و کرم پرہیں۔خرم نواز گنڈاپور
سموگ روگ بن گیا سائنسدانوں و ماہرین ماحولیات کی مدد لی جائے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
نیشنل میڈیا پر سموگ کے مضر اثرات سے بچائو کے لئے بیداری شعور پروگرام چلائے جائیں
لاہور (11 نومبر2024) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سموگ روگ بن گیا ہے۔ پنجاب کے کروڑوں لوگوں کو سموگ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ سانس اور سکن کی بیماریاں وبا کی شکل اختیار کر تی جارہی ہیں۔ نیشنل میڈیا پر سموگ کے مضر اثرات سے بچائو کےلئے بیداری شعور پروگرام چلائے جائیں۔ چین کے سائنسدانوں اور ماہرین ماحولیات سے فوری مدد لی جائے۔ سموگ کا ذمہ داراگر ہمسائیہ ملک ہے تو سفارتی سطح پر بات چیت کی جائے یہ انسانی زندگیوں کا معاملہ ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ روز بروز بڑھتی ہوئی سموگ کی لہر نے شہریوں کی صحت کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ آلودگی میں موجود زہریلے ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں داخل ہو کر دمہ، برونکائٹس، اور دیگر سانس کی بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں، سانس کے مریضوں کےلئے خطرات زیادہ بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شہری طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہنیں اور کوشش کریں کہ گھروں میں رہیں۔انہوں نے کہاکہ شدید آلودگی کے باعث نہ صرف کام کی رفتار میں کمی آئی ہے بلکہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بھی رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ فضائی آلودگی کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، اور سڑکوں پر ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان حالات میں معیشت کو مزید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
سموگ کی وجہ سےاسکول بند ہیں اور بچوں کی صحت خطرے میں ہے۔ یہ صورتحال طلباء کی تعلیم پر منفی اثرات ڈال رہی ہے، اس اہم مسئلے کا مستقل حل ڈھونڈنا ہوگا۔
تبصرہ