ترامیم کا فائدہ ملک اورعوام کو ہونا چاہئے: خرم نواز گنڈاپور
شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثا 10سال سے انصاف کے منتظر ہیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (5 نومبر2024) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ آئینی ترامیم کا اختیار بلاشبہ پارلیمنٹ کے پاس ہے مگر ان ترامیم کا فائدہ ملک اورعوام کو ہوناچاہئے، اگر انصاف کا عمل سستا اور برقرفتار ہوا تو مورخ ترامیم کرنے والی پارلیمنٹ کو اچھے الفاظ میں یاد کرے گا۔ بصورت دیگرتنقید کادروازہ کھلے گا۔ججز کی تعداد کو 17 سے بڑھا کر 34 کرنا ایک بڑا اقدام ہے اس سے قومی خزانے پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ آئے گا اگر لوگوں کو انصاف ملنے کی رفتار تیز ہوئی اور ہزار ہا مقدمات کے فیصلے ہونا شروع ہو گئے تو قوم بخوشی یہ اضافی مالی بوجھ قبول کر لے گی۔
اس وقت سول کورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس،ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں ان کیسز کے فیصلوں کے لئے جامع پالیسی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انویسٹی گیشن، پراسیکیوشن اور ٹرائل کے نظام میں انقلابی اصلاحات لائے بغیر فوری انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ جوڈیشل پریکٹس میں یہ بات سامنے آتی ہے کہ تاخیر کا سبب پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن کا پیچیدہ نظام ہے اسے ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثا 10سال سے زیرالتوا سانحہ ماڈل ٹائون کے کیس کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے سپریم کورٹ سے لے کر ٹرائل کورٹ تک سالوںسے اپیلیں زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس صاحبہ لاہور ہائیکورٹ سے اپیل ہے کہ وہ زیر التوا اپیلیں نمٹائیں تاکہ مظلوموں کو انصاف ملنے کی راہ ہموار ہو سکے۔
تبصرہ